قومی ٹرائنگولر خواتین چیمپئن شپ‘ پی سی بی ڈائنامائٹس نے ایونٹ میں پہلی کامیابی حاصل کر لی

منگل 24 ستمبر 2019 00:25

لاہور۔23 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2019ء) قومی ٹرائنگولر ایک روزہ خواتین چیمپئن شپ کے پانچویں لیگ میچ میں پی سی بی ڈائنامائٹس نے پی سی بی بلاسٹرز کو 8 وکٹوں کے بھاری مارجن سے شکست دے کر ایونٹ میں پہلی کامیابی حاصل کرلی ہے۔ لاہور جمخانہ کلب گراؤنڈ میں کھیلے جانے والے میچ میں فاتح ٹیم نے 176 رنز کا ہدف 44ویں اوورمیں حاصل کرلیا۔

اس سے قبل پی سی بی بلاسٹرز کی کپتان رامین شمیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا‘18 کے مجموعی اسکور پر پی سی بی بلاسٹرزکی اوپنر عائشہ ظفر 1 رنز بناکر آؤٹ ہوگئیں جبکہ تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والی عمیمہ سہیل بغیر کوئی رن بنائے پویلین واپس لوٹ گئیں‘ جس کے بعد اوپنر سدرہ امین اور کائنات حفیظ نے قدرے بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا‘ دونوں کے درمیان 45 رنز کی شراکت قائم ہوئی‘ سدرہ امین 47 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئیں‘ پی سی بی بلاسٹرز کے 105 رنز پر 5 کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد عالیہ ریاض نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 50 رنز کی اننگز کھیلی‘ 72 گیندوں پر مشتمل ان کی اننگز میں 7 چوکے شامل تھے۔

(جاری ہے)

پی سی بی بلاسٹرز کی پوری ٹیم 49.3 اوورز میں 175 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ پی سی بی ڈائنامائٹس کی جانب سے ماہم طارق نے 10 اوورز میں 35 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا‘ انعم امین، ثناء میر، ندا ڈار، نائلہ نذیراور کائنات امتیاز نے 1،1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔جواب میں پی سی بی ڈائنامائٹس نے مطلوبہ ہدف 43.3 اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پرحاصل کرلیا‘ 176 رنز کے تعاقب میں فاتح ٹیم کی جانب سے ناہیدہ خان اور منیبہ علی نے اننگز کامحتاط آغاز کیا‘دونوں کھلاڑیوں کے درمیان88 گیندوں پر 69 رنز کی شراکت قائم ہوئی‘ناہیدہ خان 38 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئیں‘ کریز پر آنے والی تیسری بیٹر جویریہ خان اور منیبہ علی کے درمیان 79 رنز کی شراکت قائم ہوئی‘ جویریہ خان 44 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئیں تاہم پی سی بی ڈائنامائٹس کی جانب سے سب سے زیادہ اسکور منیبہ علی نے کیا۔

وہ 57 رنز بنا کر ناقابل شکست رہیں‘ ان کی اننگز میں 4 چوکے شامل تھے۔پی سی بی بلاسٹرز کی جانب سے کپتان رامین شمیم نے دونوں کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا‘میچ میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے پرمنیبہ علی کو پلیئر آف دی میچ کا انعام دیا گیا۔ایونٹ کاآخری لیگ میچ24 ستمبر کو پی سی بی ڈائنامائٹس اور پی سی بی چیلنجرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں