واجد علی کے علاج معالجہ کے ساتھ اس کے والدین کو بھی ہر قسم کی سہولیات فراہم کریںگے، فیصل واوڈا

منگل 15 اکتوبر 2019 15:50

لاہور۔15 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2019ء) وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ واپڈا ہسپتال لاہور میں زیر علاج کینسر کے مریض واجد علی کے علاج معالجہ کے ساتھ اس کے والدین کو بھی ہر قسم کی سہولیات فراہم کی جائیں گی، بچے کے دیگر بہن بھائیوں کا بھی جنرل چیک اپ کرایا جائے گا ، انھوں نے کہاکہ واجد علی کے والدکی ورکشاپ ان کو واپس خرید کر دی جائے گی۔

وہ منگل کے روز واپڈاہسپتال لاہور میں زیر علاج بچے واجد علی کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ واجد علی کا شوکت خانم ہسپتال سے اپنی نگرانی میں علاج کروائوں گا، بچے کے والدین کو رہائش ،ْ کھانے پینے یا مالی وسائل کی تمام سہولیات فراہم کروں گا۔ فیصل واوڈا نے کہا کہ والدین کے جعلی اکائونٹ پر کچھ لوگ ٹرانزیکشن کر رہے ہیں لیکن میری مخیر حضرات سے اپیل ہے کہ وہ بلائنڈ اکائونٹ پر پیسے نہ بھیجیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم ایک فنڈ بھی قائم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور ایک یونیورسل نمبر بھی دیں گے تا کہ ضرورت مند آدمی اس پر رابطے کر کے مدد حاصل کر سکیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ واجد علی کے والد نے بچے کے علاج کے لئے اپنا واحد کاروبار ورکشاپ بھی بیچ دی جو اسے واپس خرید کر دیں گے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ حکومت کو عوام کے مسائل کا ادراک ہے اور آنے والے دنوں میں ان کے مسائل کا ازالہ ہو گا۔قبل ازیں وفاقی وزیر کو ڈاکٹروں نے مریض بچے کی صحت بارے تازہ صورتحال پر بریفنگ دی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں