ملک کے تمام مسلمانوں کو یہ اعزاز اور فخر حاصل ہے کہ وہ محمدِ عربی ﷺ کے غلام ہیں،محمد اشرف بھٹی

ہفتہ 9 نومبر 2019 23:38

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 نومبر2019ء) پاکستان پیپلز پارٹی لاہور کے سنیئر نائب صدر محمد اشرف بھٹی نے عید میلادالنبی ﷺ کے مبارک اور عظیم ترین دن کے موقع پر کہا ہے کہ آج کا دن اس ذاتِ مبارک کی ولادتِ باسعادت کا دن ہے‘ جس کی آمد نے خدائے ذوالجلال کی وحدانیت پر نہ صرف مہر ثبت کی بلکہ مقصد انسانیت کو ہمیشہ ہمیشہ کے لیے دوام بخش دیا‘ جس نے بتوں کے غرور اور ظلم و ستم کے ناخداؤں کے تکبر کو نیست و نابود کرتے ہوئے ایک رب کے سامنے سجدہ ریز ہونے کا وہ دائمی پیغام دیا جو تاقیامت بلند و بالا رکھے گا-انہوںنے کہا کہ سرزمینِ پاکستان کا یہ ٹکڑا اس حوالے سے بھی خوش قسمتی کی انتہا پر ہے، جس کی فضاؤں، کھیتوں‘ کھلیانوں، پہاڑوں، میدانوں اور مسلمانوں کی رگوں میں لاالہ الااللہ محمد رسول اللہ خون کی طرح رواں دواں ہے - اس ملک کے تمام مسلمانوں کو یہ اعزاز اور فخر حاصل ہے کہ وہ محمدِ عربی ﷺ کے غلام ہیں اور عشق ِ محمد ﷺ کو دین کی بنیاد اور ختم نبوت کو نجات کی راہ او ر ایمان سمجھتے ہیں -ہمیں آج کے دن یہ عہد کرنا ہے کہ ہمیں نبی پاکﷺکے ابدی پیغام زریں اصول‘ انسانوں سے محبت، ظلم سے نفرت، ظالموں کی بیخ کنی اور مظلوموں کی ڈھارس بننا ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں