ٰعلامہ ساجد میر کی امام کعبہ الشیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس سے وفد کے ہمراہ مکہ مکرمہ میں ملاقات

جمعہ 15 نومبر 2019 23:13

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 نومبر2019ء) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے امیر سینیٹر علامہ ساجد میر نے امام کعبہ الشیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس سے وفد کے ہمراہ مکہ مکرمہ میں ملاقات کی۔ جس میں ڈاکٹر حافظ عبدالکریم، مولانا ابوتراب ،علامہ ابتسام الہی ظہیر اورقاری صہیب میر محمدی بھی شامل تھے، جس میں پاک سعودیہ تعلقات سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پرامام کعبہ ڈاکٹر الشیخ عبدالرحمن السدیس کا کہنا تھا کہ اسلام عدل و انصاف اور انسانیت کی فلاح و ہدایت کا دین ہے۔ سعودی عرب کی قیادت نے ملت اسلامیہ کے اتحاد، تعمیر وترقی کے لئے تاریخی اور مثالی حل پیش کئے ہیں، جن پر عمل کرتے ہوئے عالم اسلام متحد ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فتنوں کے اس دور میں معصوم لوگوں کو گمراہ کرنے کے لئے جدید طریقے استعمال کررہے ہیں، معاشرے میں درست طریقے پروان چڑھانے کے لئے ہر اہل ایمان کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ اغیار کی طرف سے پھیلائے جانے والے افکار کا خاتمہ کیا جاسکے اور معاشرے کو پاک کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

امام کعبہ نے مزید کہا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انتہا پسندی نے اسلام کے تشخص کو بہت نقصان پہنچایا۔ بہت سے گروہ اسلام کا نام بدنام کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ میڈ یا اسلامی تعلیمات اور اسلامی تشخص کو اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کرے سلطنت سعودیہ کا پیغام اسلام کا پیغام ہے جس کی بنیاد تحمل، برداشت اور میانہ روی پر ہے۔

مقامات مقدسہ صرف عبادت کے لئے مختص ہے، یہاں کسی قسم کی سیاست، فرقہ واریت کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ اللہ تعالیٰ نے مملکت سعودی عرب کو حرمین شریفین کی خدمت اور حفاظت کے لئے مامور کیا ہے۔ انہوں نے قرآن وسنت کی نشرواشاعت کے لیے مرکزی جمعیت اہل حدیث کی کاوشوں کو سراہا۔ پروفیسر ساجد میرنے کہا کہ پاکستانی عوام خادم حرمین شریفین سے والہانہ محبت رکھتے ہیں اور حرمین کے تحفظ کے لیے ہمیشہ دعا گو رہتے ہیں۔ حرمین کی حفاظت کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کا عزم رکھتے ہیں۔ مسلم امہ خصوصا پاکستان کے لیے سعودی خدمات کو ہم تحسین کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ سعودی عرب عالم اسلام کی وحدت کا مرکز ہے ۔پاک سعودیہ تعلقات دن بدن مضبوط ہورہے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں