موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں کی روک تھام کیلئے ڈبل لاک لگوانے کی مہم کا فیصلہ

ایف آئی آرز میں رکاوٹ ڈالنے کی بجائے کیس حل کرنے پر زیادہ توجہ دیں، سی سی پی او ذوالفقارحمید

جمعرات 27 فروری 2020 23:33

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 فروری2020ء) سی سی پی او ذوالفقار حمید کی زیر صدارت لاہور پولیس کے تمام ڈویژنل ایس پیز کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں کی روک تھام کے لئے ڈبل لاک لگوانے کی مہم شروع کی جائے گی۔ اجلاس میں ڈی آئی جی آپریشنز رائے بابر سعید، ایس ایس پی انویسٹی گیشن ذیشان اصغر اور ایس ایس پی ایڈمن کیپٹن (ر) ملک لیاقت علی نے بھی شرکت کی۔

سی سی پی او نے کہا کہ سنگل لاک والی موٹر سائیکلیں زیادہ چوری ہوتی ہیں۔ زیادہ وارداتوں والے علاقوں میں خصوصی آپریشنز کے ساتھ نمایاں مقامات پر ڈبل لاک لگوانے کے بینر آویزاں کئے جائیں گے۔ انہوں نے سختی سے ہدایت کی کہ ایف آئی آرز کے اندراج میں ہرگز کوئی رکاوٹ نہ ڈالی جائے بلکہ کیس حل کرنے اور چالان مقدمات پر زیادہ توجہ دی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ گھروں میں ڈکیتی کے واقعات میں حالیہ عرصے کے دوران کمی آئی ہے۔ اب یہ پولیس کا کام ہے کہ وہ یہ کنٹرول برقرار رکھے۔ ذوالفقار حمید نے ہر ڈویژن کی کارکردگی کا فرداً فرداً جائزہ لیتے ہوئے ایس پیز کو ہدایت کی کہ پتنگ بازی، اسلحے کی نمائش اور ہوائی فائرنگ کے واقعات پر کڑی نظر رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ رجحان درست نہیں کہ پولیس چھوٹے جرائم کو نظر انداز کرکے بڑے کرائم پر زیادہ توجہ دیتی ہے۔

اگر آپ چھوٹے کرائم کو قابو نہیں کررہے تو بڑا کرائم ہوگا۔ تمام پولیس سٹیشنز اشتہاریوں کو پکڑنے کی مہم میں تیزی لائیں۔ ہوٹل آئی اور ٹریول آئی جیسے ٹولز کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں۔ سی سی پی او نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قتل و غارت کی روک تھام کے لئے پرانی دشمنیوں کے خاتمے کے لئے پولیس اپنا کردار ادا کرے گی۔ اگلے ہفتے دوبارہ ہر ڈویژن کی کارکردگی کا جائزہ لوں گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں