ایران نے کسی ز ائر کو ملک چھوڑنے کا نہیں کہا،منفی پراپیگنڈہ بند کیا جائے : علامہ نیاز نقوی

بدھ 1 اپریل 2020 00:14

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 مارچ2020ء) وفاق المدارس الشیعہ پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی نائب صدر علامہ قاضی سید نیاز حسین نقوی نے واضح کیا ہے کہ ایرانی حکومت نے کسی ز ائر کو ملک چھوڑنے کا نہیں کہا بلکہ کورونا کے ہنگامی حالات کے پیش نظر ویزے میں تین ماہ کی توسیع کردی ہے۔ میڈیامنفی پراپیگنڈہ بند کرے ۔شر پسند سیاستدان اور فرقہ وارانہ تعصب کی وجہ سے عالمی وبا کو زائرین سے جوڑنے کی ناپاک سازش کرنے والوں کا قومی سطح پر نوٹس لیا جائے ، تاکہ شرانگیزی کو روکا جاسکے۔

ایک بیان میں انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ مخصوص میڈیا ہاوسز اور مختلف لوگ زائرین کے وطن واپس آنے پر منفی پروپیگنڈا کر رہے ہیں کہ ایران نے زائرین کی دیکھ بھال نہیں کی۔

(جاری ہے)

حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ اس وقت بھی پاکستانی اور دیگر ممالک سے ہزاروں زائرین مشہد مقدس اور قم میں موجود ہیں۔ جبکہ سینکڑوںپاکستانی طلبہ اور ان کے بچے بھی ایران میں موجود ہیں، جو واپس پاکستان نہیں آئے اور ایران پاکستانیوں کی حفاظت کر رہا ہے جس طرح سے وہ اپنے شہریوں کی کرتے ہیں۔

علامہ نیاز نقوی نے واضح کیا کہ چونکہ زائرین 15 دن یا ایک مہینے کا ویزہ لے کرزیارات کی غرض سے ایران جاتے ہیں اور زیارات کا مقصد پورا ہونے کے بعد ہر شخص اپنے گھر میں آنا چاہتا ہے تو اسی طرح سے زائرین بھی آئے ہیں۔ ایرانی حکومت نے کسی زائر سے ملک چھوڑنے کا نہیں کہا ۔اس حوالے سے میڈیا اورسیاستدانوں کامنفی پروپیگنڈا قابل مذمت ہے۔ جبکہ فرقہ پرست تکفیری عناصر بھی اپنی بد زبانی اورکذب بیانی سے کام لے رہے ہیں ، ایسے رو یے ناقابل برداشت اور قومی وحدت و اتحاد کے لئے زہر قاتل ہیں۔

زائرین کا کرونا پھیلاؤ میں کوئی کردار نہیں،بلکہ تفتان بارڈر پر ناقص انتظامات کے باعث ان میں سے کچھ خود اس کا شکار ہوئے ہیں۔ علامہ نیاز نقوی نے نشاندہی کی کہ صرف زائرین ہی واپس وطن نہیں آئے بلکہ سعودی عرب سے بھی اڑھائی ہزار پاکستانی واپس آئے ہیں۔جو حکومت کے رابطے میں نہیں جبکہ زائرین تو ابھی تک حکومتی تحویل میں صبر آزما حالات کے رحم و کرم پر ہیں۔

اس لئے صرف زائرین پرکورونا کا ملبہ ڈالنا قابل مذمت ہے۔تبلیغی جماعت کے کارکنوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں اور ملک بھر کے تبلیغی مراکز کوقرنطینہ میں تبدیل کردیا گیا ہے تو کیایہ تبلیغی جماعت والے بھی ایران نے پاکستان بھجوائے ہیں اسی طرح برطانیہ،اٹلی، متحدہ عر ب امارات اور دیگر ممالک سے بھی لوگ آئے ہیں،جن کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔حکومت ان لاکھوں افراد کو تلاش کرے جو ائرپورٹس کے ذریعے پاکستان آئے اورا ن کے ٹیسٹ نہیں ہوئے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں