حکومت مزدور اور یومیہ اجرت پر انحصار کرنے والوں کو کسی صورت حالات کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑے گی: میاں اسلم اقبال

جمعہ 3 اپریل 2020 23:22

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 اپریل2020ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت ٹاسک فورس برائے فراہمی مالی امداد کادوسرااجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں کرونا وائرس کی صورت حال سے متاثرہ دیہاڑی دار اور مزدوروں کی مالی امداد کے لئے تجاویز کاجائیزہ لیا گیا۔ صوبائی وزیر محنت انصر مجید خان اور ٹاسک فورس کے ممبران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں کمزور طبقات کی مالی مدد کیلئے 10ارب روپے کے انصاف امداد پروگرام کااغاز کردیا گیا ہے۔ لاک ڈاؤن کے باعث بے روزگار بونے والے مزدوروں اوریومیہ اجرت پر انحصار کرنے والوں کو 4ہزار روپے ماہانہ دئیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مالی امداد کے حصول کے لیے اب تک80لاکھ سے زائد افراد ایپ کیذریعے رجسٹریشن کراچکے ہیں۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں ایوان ہائے صنعت و تجارت اورتمام سٹیک ہولڈرز سے بھی مشاورت کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر قائم ثاسک فورس ایک دو روز میں اپنا کام مکمل کرلے گی۔ درخواستوں کی سکروٹنی کاعمل مکمل ہونے کے بعد امداد کی فراہمی شروع کردی جائے گی۔ میاں اسلم اقبال نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت مزدور اور یومیہ اجرت پر انحصار کرنے والوں کو کسی صورت حالات کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑیگی۔ کمزور طبقات کی ضروریاتِ کاخیال رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے اور حکومت یہ ذمہ داری بطریق احسن نبھائے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں