لاہور پولیس کے دفعہ 144کی پابندی یقینی بنانے کیلئے اقدامات مزید سخت

مجموعی طور پر90ہزارسے زائد افرادسے پوچھ گچھ، 1318مقدمات درج

جمعہ 3 اپریل 2020 23:42

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 اپریل2020ء) لاہور پولیس نے کورونا وائرس کے پھیلائو کے خدشات کے پیش نظر شہر بھر میںجاری جزوی لاک ڈائون کے دوران دفعہ 144کی پابندی یقینی بنانے کیلئے اقدامات مزید سخت کر دیئے۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور رائے بابر سعید نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی پرلاہور کے مختلف تھانوں میںابتک مجموعی طور پر1318مقدمات درج کئے جا چکے ہیں۔

شہر کے مختلف مقامات پرلگائے گئے 202 ناکوں پرابتک مجموعی طور پر90ہزارسے زائد افرادکو روک کرشہر میں نقل و حرکت کی وجہ دریافت کی گئی جبکہ غیر ضروری طورپرسڑکوںپر آنیوالی82 ہزار495 شہریوں اور گاڑی مالکان کو وارننگ جاری کر کے گھروں کو واپس بھیجا گیا۔شہر میں سڑکوںپر آنے والی44294 موٹر سائیکلوں ،11488 رکشوں، 1868 ٹیکسیوں،13030 کاروں اور4039 بڑی گاڑیوں کوبھی روک کر اُن کے مالکان سے شہر میں گھومنے پھرنے کی وجہ پوچھی گئی ۔

(جاری ہے)

لاہور پولیس نے شہریوں کی اکثریت کو کورونا وائرس سے بچائو کے احتیاطی تدابیر سے آگاہ کرتے ہوئے گھروں کو لوٹا دیا۔پولیس نے 3031 شہریوں سے دوبارہ غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلنے بارے شورٹی بانڈزبھی لئے ۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائیں۔شہریوں کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیںکیا جائے گا۔کورونا وائرس سے لاحق خطرات کے پیش نظرشہری گھروںپر محفوظ رہیں، غیر ضروری طور پر گھروں سے ہرگز نہ نکلیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں