خاتم النبیین حضرت محمد رسول اللہؐ، ام المومنین سیدہ عائشہ صدیقہ، خلفائے راشدین اور دیگر اصحاب رسول رضی اللہ عنہم اجمعین کے بارے میں نازیبا مواد پر مشتمل کتب کو مارکیٹ سے فوری طور پر ضبط کر کے ان پر پابندی لگائی جائی: سپیکر چودھری پرویزالہی کا ایوان کی جانب سے متفقہ حکم

پنجاب اسمبلی میں تمام پارلیمانی پارٹیوں کے سربراہوں نے اس اقدام پر چودھری پرویزالہی کی تعریف کی انبیا کرام، اہل بیت اور صحابہ کرام کے خلاف مواد سے نہ صرف ہمارے جذبات مجروح ہوتے ہیں بلکہ یہ ہمارے ایمان پر کاری ضرب ہی: سپیکر پنجاب اسمبلی متعلقہ محکمہ تینوں کتابوں کی ضبطی، اشاعت اور فروخت پر پابندی کا نوٹیفیکیشن رواں اجلاس میں آئندہ جمعتہ المبارک کے روز ایوان میں پیش کرے‘ سپیکر چودھری پرویزالہی کا پنجاب اسمبلی میں خطاب

ہفتہ 6 جون 2020 00:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2020ء) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالہی نے کہا ہے کہ آقا کریم، جناب محمد رسول اللہ ؐ، ام المومنین سید عائشہ صدیقہ طیبہ طاہرہ رضی اللہ تعالی عنہا اور دیگر اصحاب نبی رضی اللہ عنہم اجمعین کے بارے میں نازیبا مواد پر مشتمل کتب، غیر ملکی مصنفہ لیزلی ہیزلٹن Lesley Hazelton کی کتابیں The First Muslim، After the Prophet اور پاکستانی مصنف مظہر الحق کی کتاب Short History of Islam کو مارکیٹ سے فوری طور پر ضبط کیا جائے اور ان کتابوں کی فروخت پر فور ی طور پر پابندی لگائی جائے۔

انبیا اکرام، اہل بیت اور صحابہ کرام کے خلاف مواد سے نہ صرف ہمارے جذبات مجروح ہوتے ہیں بلکہ یہ ہمارے ایمان پر کاری ضرب ہے۔ متعلقہ محکمہ تینوں کتابوں کی ضبطی، اشاعت اور فروخت پر پابندی کا نوٹیفیکیشن رواں اجلاس کے دوران آئندہ جمعتہ المبارک کے روز ایوان میں پیش کرے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب اسمبلی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

پنجاب اسمبلی کا اجلاس سپیکر چودھری پرویزالہی کی زیر صدارت فلیٹیز ہوٹل میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پنجاب اسمبلی سپیشل کمیٹی نمبر 6نے وزیر کان کنی و معدنیات حافظ عمار یاسر کی جانب سے گذشتہ اجلا س میں کمیٹی کے سپرد کی گئی قرار داد پر رپوٹ پیش کی گئی جس میں سفارش کی گئی تھی کہ مذکورہ بالا کتب میں انبیا کرام علیہم السلام بالخصوص خاتم المرسلین جناب محمد رسول اللہؐکی ذات اقدس، ام المومنین سید عائشہ صدیقہ طیبہ طاہرہ رضی اللہ تعالی عنہا، جناب سیدنا عثمان غنی رضی اللہ تعالی عنہ اور شیر خدا سیدنا علی رضی اللہ تعالی عنہ کے بارے میں غلیظ قلم اور غلیظ ذہنیت کے ساتھ و ہ کفر لکھا گیا ہے جو برداشت کرنا کسی مسلمان کے لیے ممکن نہیں۔

چودھری پرویزالہی نے پورے ایوان کی جانب سے متفقہ حکم دیتے ہوئے کہا کہ ان کتب کو فوری طور پر ضبط کیا جائے اور ان کی فروخت پر پابندی لگائی جائے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر قانون محمد بشارت راجہ، قائد حزب اختلاف حمزہ شہبازشریف، ارکان اسمبلی رانا مشہود احمد خان، سید حسن مرتضی اور محمد معاویہ نے بھی خطاب کیا اور سپیکر چودھری پرویزالہی کی جانب سے اس اقدام کو سراہا۔ ایوان کی طرف سے متفقہ طور پر یہ سفارش قبول کرلی گئی اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالہی نے حکم دیا کہ متعلقہ محکمہ تینوں کتابوں کی ضبطگی، اشاعت اور فروخت پر پابندی کا نوٹیفیکیشن رواں اجلاس میں آئندہ جمعتہ المبارک کے روز ایوان میں پیش کرے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں