وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار نے بڑے پن کا مظاہرہ کرتے ہوئے میٹرو ٹرین منصوبے کو مکمل کیا ‘ نعمان لنگڑیال

مسلم لیگ(ن) کس بات کا کریڈٹ لے رہی ہے اور علامتی افتتاح کئے گئے ، کیا یہ منصوبہ انکی ذاتی جیب سے شروع ہوا

اتوار 25 اکتوبر 2020 12:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اکتوبر2020ء) صوبائی وزیر مینجمنٹ اینڈپروفیشنل ڈویلپمنٹ ملک نعمان لنگڑیال نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار نے بڑے پن کا مظاہرہ کرتے ہوئے اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کو مکمل کیا ہے ، مسلم لیگ(ن) کس بات کا کریڈٹ لے رہی ہے اور علامتی افتتاح کئے گئے ، کیا یہ منصوبہ ان کی ذاتی جیب سے شروع کیا گیا تھا ، عوام کو تعلیم ، صحت اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی جیسی بنیاد ی ضروریات کی فراہمی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔

اورنج لائن میٹرو ٹرین کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ملک نعمان احمد لنگڑیال نے کہا کہ نام نہاد خادم اعلیٰ نے عوام کی حقیقی مشکلات کو پیش نظر رکھنے کی بجائے اپنی انا کی تسکین کے منصوبے شروع اور مکمل کئے ۔

(جاری ہے)

عوام کو معیاری ٹرانسپورٹ کی فراہمی نا گزیر ہے لیکن اس سے پہلے کچھ ایسی ضروریات ہیں جن سے عوام کی زندگی اور مستقبل وابستہ ہے لیکن سابقہ حکمرانوں نے انہیں پس پشت ڈالا ۔

انہوں نے کہا کہ نام نہاد خادم اعلیٰ نے مسلم لیگ (ق) کے دور کے وزیر آباد کارڈیالوجی سمیت کئی منصوبوں کو سیاسی مخاصمت کی بناء پر غیر ضروری التواء کا شکار رکھا لیکن تحریک انصاف کی حکومت اور وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے مسلم لیگ (ن) اور نام نہاد خادم اعلیٰ کی روایات کو آگے نہیں بڑھایا بلکہ بڑے پن کا مظاہرہ کرتے ہوئے اورنج لائن ٹرین منصوبے کو مکمل کیا گیاہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت میں صوبہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور انشا اللہ پانچ سال بعد حقیقی معنوں میں عوام کی زندگیوں میں تبدیلی لانے والے منصوبے مکمل ہوں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں