لاہور سمیت صوبے بھر میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے‘محمد جاوید

عوامی مسائل میں بے پناہ اضافے نے حکمرانوں کی اصلیت و صلاحیت دونوں کا پول کھول دیا ہے ‘امیر جماعت اسلامی وسطیپنجاب

پیر 14 جون 2021 13:15

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2021ء) امیرجماعت اسلامی صوبہ پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ لاہور سمیت صوبہ بھر میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے عوام کی زندگی اجیرن ہوچکی ہے۔ شہری پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں۔ کاروبار ٹھپ اور مزدوروں کے گھروںمیں نوبت فاقہ کشی تک پہنچ چکی ہے ۔ حکمرانوں نے 22کروڑ عوام کے مسائل میں کمی کی بجائے خطرناک حد تک اضافہ کردیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی کا شیرازہ بکھر چکا ہے۔ مہنگائی کے سونامی نے ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شخص کو متاثر کیا ہے۔ معاشی ناکامی نے تحریک انصاف کے لوگوں کی اہلیت و صلاحیت دونوں کا پول کھول کر قوم کے سامنے رکھ دیا ہے۔

(جاری ہے)

3برسوں میں کوئی ایک وعدہ بھی ایسا نہیں جو پایہ تکمیل تک پہنچا ہو۔

انہوں نے کہا کہ مسلسل قوم کو بے وقوف بنایا جارہا ہے ،اب یہ سلسلہ مزید نہیں چل سکتا۔ قوم ان نا اہل حکمرانوں کی قابلیت جان چلے ہیں۔ وزیر اعظم کی اپنی ٹیم میں کرپٹ افراد موجود ہیں، ان لوگوں کی جگہ اسمبلیاں نہیں بلکہ جیل ہونی چاہیے۔ عوام میں حکومت کے خلاف غم و غصہ بڑھتا جارہا ہے۔ محمدجاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ قوم ان دغا بازوں سے ہوشیار ہو، ہر حکومت میں نام و نشان اورچہرے بدل کر آنے والوں کو پہچانے اور ان کو آئندہ منتخب نہ کرے۔

محب وطن قیادت کا فقدان ہی درحقیقت بنیادی مسئلہ ہے اور اس کو صرف عوام اپنا ووٹ صحیح اور اہل افراد کو دے کر حل کرسکتے ہیں۔ 70برسوں سے جاگیر داروں، وڈیروں اور سرمایہ داروں نے قوم کو یر غمال بنایا ہوا ہے۔ جب تک ان سے چھٹکارا حاصل نہیں کرلیا جاتا ، اس وقت تک ترقی کی منازل طے کرنا نا ممکن ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں