انجکشن ایکٹیمرا کی متبادل گولی پاکستان لانے کی تیاریاں مکمل

ہفتہ 27 نومبر 2021 23:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 نومبر2021ء) کرونا کے تشویشناک مرض میں استعمال ہونے والے انجکشن ایکٹیمرا کی متبادل گولی پاکستان لانے کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ایکٹیمرا انجکشن کی متبادل گولی پاکستان لانے کی تیاریاں مکمل ہو گئی ہیں اور یہ گولی آئندہ ماہ ملک میں دستیاب ہو گی۔ڈریپ ذرائع نے بتایا ہے کہ کراچی کی فارما کمپنی ایکٹیمرا کی متبادل گولی اسپین سے درآمد کر رہی ہے، یہ گولی بیریسٹینیب سالٹ سے تیار شدہ ہے، جبکہ ایکٹیمرا کی متبادل ٹوفاسٹینیب گولی گزشتہ ماہ سے دستیاب ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق ٹوفاسٹینیب، بیریسٹینیب مثر اور عالمی سطح پر تسلیم شدہ ہیں، اور یہ عالمی سطح پر ایکٹیمرا کا بہترین متبادل ہیں، دنیا میں ایکٹیمرا کی قلت پر متبادل دوا متعارف کرانے کا فیصلہ ہوا تھا، بیریسٹینیب گولی ایکٹمرا انجکشن کے مقابلے کئی گنا سستی ہے۔بیریسٹینیب کی 7 گولیوں کا پیکٹ 38 ہزار 389 روپے میں دستیاب ہوگا، جبکہ 200 ایم ایل ایکٹیمرا انجکشن کی مقررہ قیمت 60 ہزار روپے ہے، ایکٹیمرا انجکشن کرونا کے تشویشناک مریضوں کو لگایا جاتا ہے۔ذرائع کے مطابق کابینہ نے رواں ہفتے بیریسٹینیب گولی کی قیمت مقرر کی ہے، جبکہ ڈریپ ایکٹیمرا انجکشن کی متبادل گولی کے درآمد کی اجازت دے چکی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں