مؤثراقدامات کے باعث پنجاب میں کورونا وائرس کے کیسز میں واضح کمی ہوگئی‘عمران سکندربلوچ

24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر سے کورونا کے 70 نئے کیسز سامنے آئے ،تین ہلاکتیں رپورٹ

جمعہ 3 دسمبر 2021 20:42

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 دسمبر2021ء) صوبائی سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈسیکنڈری ہیلتھ کیئر عمران سکندر بلوچ نے کہاہے کہ محکمہ صحت کے مؤثراقدامات کے باعث پنجاب میں کورونا وائرس کے کیسز میں واضح کمی ہوگئی ہے،کورونا کیسز میں مزید کمی لانے کیلئے مختلف سیکٹرز کیلئے اسپیشل ایس او پیز جاری کر دیئے گئے ہیں-اپنے بیان میں عمران سکندر بلوچ نے کہاکہ تمام شہری خاص طور پر کورونا کی مکمل احتیاط کو یقینی بنائیں۔

ہم صرف ویکسی نیشن اوراحتیاط کے ذریعے ہی کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روک سکتے ہیں- 12 سال سے زائد عمر کے تمام افراد کوویکسین لگانے کی پوری کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر سے کورونا کے 70 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد صوبہ بھر میں کورونا کے کیسز کی کل تعداد 443,320 ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

اب تک صوبہ بھر میں 425,225 مریض سرکاری ہسپتالوں سے علاج کے بعد مکمل صحت یاب ہو کر اپنے گھروں کو واپس جاچکے ہیں۔

صوبہ بھر میں کورونا کے ایکٹو کیسز کی کل تعداد 5,067 ہو گئی ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر میں کورونا کے باعث 3 شہری جان کی بازی ہار گئے۔ گزشتہ روز کورونا وائرس کے باعث لاہور، فیصل آباد اور راولپنڈی سے ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے۔ صوبہ بھر میں کورونا کے باعث اموات کی کل تعداد 13,028 ہو چکی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں