قانون کو ہاتھ میں لینے کا کسی کو حق نہیں ہے،سیالکوٹ واقعہ کے لیے مذمت کے الفاظ کم ہیں،سینیٹر پروفیسر ساجد میر

ہفتہ 4 دسمبر 2021 22:16

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 دسمبر2021ء) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ قانون کو ہاتھ میں لینے کا کسی کو حق نہیں ہے۔سیالکوٹ واقعہ کے لیے مذمت کے الفاظ کم ہیں۔ دین اور دنیا کے کسی قانون میں بڑے سے بڑے مجرم کو سزادینے کا اختیار صرف ریاست کو حاصل ہوتاہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز ی دفتر راوی روڈ میں مرکزی جمعیت اہل حدیث سعودی عرب کے امیر مولانا عبدالمالک مجاہد اور گلاسکو برطانیہ کے امیر حاجی الطاف حسین کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

پروفیسر ساجد میر نے کہا کہ توہین رسالت کے قانون کی افادیت مسلمہ ہے تاہم اس کا ناجائز استعمال روکنا ہو گا اکثر دیکھنے میں آیا ہے کہ لوگ ذاتی اور سیاسی مفاد یا انتقام کی خاطر توہین کاالزام لگا دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے عوام میں شعور پیدا کرنے کی ضرورت ہے بلکہ الزام جھوٹا ثابت ہونے پر الزام لگانے والے کو سزا ملنی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ امر پر بھی باعث تشویش ہے کہ آج تک توہین رسالت یا توہین مذہب کے مرتکب ملزم کو سزا نہیں دی گئی۔ تقریب سے ڈاکٹر عبدالغفور راشد، علامہ ریاض الرحمن یزدانی،علامہ شفیق خاں پسروری، مولانا عبدالباسط شیخوپوری،حافظ عامر صدیقی،حافظ سلمان اعظم، حافظ عتیق اللہ عمر،امتیاز مجاہد، ملک نور محمد اعوان،علامہ عبدالصمد معاز نے بھی خطاب کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں