بھارت سے 170سکھ یاتری جوڑ میلہ تقریبات میں شرکت کیلئے پاکستان پہنچ گئے

جمعرات 8 جون 2023 16:10

بھارت سے 170سکھ یاتری جوڑ میلہ تقریبات میں شرکت کیلئے  پاکستان پہنچ گئے
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جون2023ء) بھارت سے 170سکھ یاتری جوڑ میلہ کی تقریبات میں شرکت کیلئے واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچ گئے۔ گورو ارجن دیوجی کی تقریبات کے لیے سردار گوربچن سنگھ اور سردار جھنگ سنگھ کی سربراہی میں پاکستان آنے والے یاتریوں کا استقبال متروکہ وقف املاک بورڈ کی جانب سے ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز رانا شاہد سلیم نے کیا ۔

اس موقع پرپاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے پردھان سردار امیر سنگھ و ممبران کمیٹی بھی موجود تھے ۔سکھ یاتریوں کے گروپ کے سربراہ و دیگر مہمانوں کو گلدستے پیش کئے گئے۔ ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز رانا شاہد سلیم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئےکہا کہ سکھ یاتریوں کی جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے، سکھ یاتریوں کو موسمی شدت سے بچانے کیلئے بہترین اورپرآسائش مارکیوں کا اہتمام کیا گیا ہے، بھارتی سکھ یاتریوں کو خصوصی بسوں کے ذریعے قافلوں کی صورت میں براہ راست گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال روانہ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چیئرمین بورڈ کی ہدایات کی روشنی میں سکھ مہمانوں کو طعام و قیام، سکیورٹی اور ٹرانسپورٹ کی سہولیات مفت فراہم کی جائیں گے۔ راناشاہد نے کہا کہ سکھ یاتری10روز تک یہاں قیام کریں گے اور 17جون کو واپس روانہ ہوں گے،حکومت پاکستان کسی سکھ یاتری کا ویزہ نہیں روکتی ،حکومت پاکستان کے دروازے ان یاتریوں کیلئے کھلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم گروں کی دھرتی پر مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔

سردارگوربچن سنگھ نے کہا کہ پاکستان نانک نام لیواوں کیلئے دوسرے گھر کی مانندہے، یہاں کی سرزمین ہمارے لئے بہت متبرک ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پہنچ کر بہت زیادہ خوشی ہوئی، ہمارے استقبال کیلئے پاکستان کی جانب سے کئے گئے انتظامات شاندار ہیں،دنیا بھر میں بسنے والے نانک نام لیواوں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں،پاکستان سرکار،عوام ،سکھ دوستوں کے شکر گزار ہیں جوپیار یہاں آکر ملتاہے وہ الفاظ میں بیان نہیں کرسکتے۔پردھان امیر سنگھ اور رانا شاہد سلیم کے بہترین انتظامات کرنے پرشکر گزارہیں۔ پاکستان سکھ گورودوارہ پربندھک کمیٹی کے پردھان سردار امیر سنگھ نے ساتھیوں کے ہمراہ بھارتی سکھ یاتریوں کو امیگریشن اور کسٹمز کی ضروریات کے بعد گورو کا لنگر پیش کیا۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں