بغیر لائسنس، بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کیخلاف کریک ڈاؤن مزید سخت کیا جائے، سی ٹی او

پیر 18 مارچ 2024 23:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مارچ2024ء) سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر نے ٹریفک پولیس فورس کو حکم دیا ہے کہ بغیر لائسنس اور بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کیخلاف کریک ڈاؤن مزید سخت کیا جائے اور مال روڈ، کینال روڈ، جیل روڈ، کاہنہ، نشتر ٹاؤن اور رائے ونڈ روڈ سمیت تمام اہم شاہراہوں اور مضافاتی علاقوں میں خصوصی چیکنگ کی جائے، خلاف ورزی کرنے والوں کے لائسنس بھی چیک کئے جائیں اور لائسنس نہ ہونے پر جرمانہ ڈبل کیا جائے، انہوں نے کہا کہ شہر بھر میں کہیں بھی کوئی بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلاتا نظر نہیں آنا چاہیئے، سی ٹی او نے بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سوار نظر آنے پر متعلقہ بیٹ آفیسر، سیکٹر انچارج کیخلاف محکمانہ کارروائی کا عندیہ بھی دیا، انہوں نے کہا کہ ہیلمٹ انفورسمنٹ مہم کے انتہائی مثبت نتائج سامنے آئے ہیں اور ہیڈ انجری کے کیسز میں نمایاں کمی آئی ہے، ہیلمٹ انفورسمنٹ مہم سے ہسپتالوں میں بھی غیر معمولی لوڈ میں کمی آئی ہے، 90 فیصد شہریوں کا ہیلمٹ پہننا خوش آئند ہے، مزید سختی سے اس تعداد کو مزید بڑھایا جا سکتا ہے، سی ٹی او لاہور نے بتایا کہ رواں سال کے دوران 50 ہزار سے زائد موٹر سائیکل سواروں کیخلاف کارروائی کی گئی، بغیر لائسنس اور بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل چلانے پر دو ہزار روپے جرمانہ ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں