مہنگی روٹی اور نان بیچنے پر 13افراد موقع سے گرفتار، پوائنٹس سیل

بلال یاسین کا روٹی نان کی نوٹیفائیڈ قیمتوں پر فروخت یقینی بنانے کیلئے ٹیمپل روڈ، کریم پارک اور ٹھوکر کے علاقوں میں چھاپے کسی بھی علاقے میں مہنگی روٹی اور نان کی فروخت قابلِ قبول نہیں‘100فیصد عملدرآمد تک آپریشن جاری رہیگا‘ وزیر خوراک

جمعرات 18 اپریل 2024 19:44

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2024ء) وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت کے مطابق پنجاب کے عوام کو سستی روٹی فراہم کرنے کا مشن جاری ہے اور وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین نے جمعرات کے روز بھی لاہور کے مختلف علاقوں میں نوٹیفائیڈ ریٹ پر روٹی اور نان کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے دورے کیے۔ بلال یاسین نے ٹیمپل روڈ، کریم پارک اور ٹھوکر کے علاقوں میں نان روٹی کی دکانوں پر قیمتوں کا جائزہ لیا۔

اس دوران مہنگی روٹی اور نان بیچنے پر 13افراد موقع سے گرفتار کیے گئے اور مصنوعی مہنگائی کا باعث بننے والے پوائنٹس سیل کیے گئے۔ وزیر خوراک بلال یاسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی علاقے میں مہنگی روٹی اور نان کی فروخت قابلِ قبول نہیں ہے اور ہر حال میں روٹی 16روپے اور نان 20روپے میں دستیاب ہوگا۔

(جاری ہے)

بلال یاسین نے کہا کہ قیمتوں میں کمی سے قبل متعلقہ محکموں نے مکمل ورکنگ کی تھی اور کسی کے نقصان کی بجائے اس قیمت میں عوام کا فائدہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی کی دھمکیوں میں نہیں آئیں گے اور عوام کو سستی روٹی فراہم کر کے ہی دم لیں گے۔ بلال یاسین نے کہا کہ آٹے کی قیمت میں کمی کا فائدہ مڈل مین کی بجائے عوام کو پہنچنا چاہیے یہی ہمارا مشن ہے۔ وزیر خوراک نے کہا کہ صبح شام فیلڈ میں نکل رہے ہیں اور 80فیصد علاقوں میں سستی روٹی اور نان دستیاب ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ 100فیصد عملدرآمد تک آپریشن جاری رہے گا۔

تاریخ میں پہلی بار آٹے کے تھیلے پر یکمشت 500روپے کمی کی گئی ہے۔ وزیر خوراک پنجاب نے کہا کہ بازاروں میں واضح طور پر پرائس لسٹ آویزاں کروا رہے ہیں تاکہ عوام آگاہ رہیں اور کہیں بھی خلاف ورزی پر انتظامیہ کو مطلع کریں۔ بلال یاسین نے کہا کہ کسی پر جبر نہیں کر رہے بلکہ حکومت کا مشن عام آدمی کو ریلیف دینا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ حکومت روٹی نان بیچنے والے محنت کشوں کے خلاف نہیں ہے اور ان کو ساتھ بٹھا کر تمام اعدادوشمار شئیر کیے ہیں۔ روٹی کی نوٹیفائیڈ قیمت پر فراہمی ہماری ذمہ داری ہے اور اسے ہر حال میں ادا کریں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں