انگلینڈ کے دورے کیلئے پاکستان ویمنزکرکٹ ٹیم کا اعلان

دورے میں تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی شامل ہیں، رپورٹ

بدھ 1 مئی 2024 18:29

انگلینڈ کے دورے کیلئے پاکستان ویمنزکرکٹ ٹیم کا اعلان
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2024ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کی نئی سات رکنی ویمنز سلیکشن کمیٹی نے انگلینڈ کے دورے کے لیے پاکستان کی سترہ رکنی خواتین کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا ہے، ندا ڈار کو کپتان برقرار رکھا گیا ہے۔11 سی29 مئی تک ہونے والے انگلینڈ کے اس دورے میں پاکستان ویمنز ٹیم آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کے تین ون ڈے میچوں کے ساتھ ساتھ تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل بھی کھیلے گی۔

اس کے علاوہ ٹیم ای سی بی ڈیولپمنٹ الیون کے خلاف دو وارم اپ میچز بھی کھیلے گی۔اس دورے کا آغاز تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سے ہوگا جو 11، 17 اور 19 مئی کو برمنگھم، نارتھمپٹن اور لیڈز میں کھیلے جائیں گے۔ٹی ٹوئنٹی کے بعد تین ون ڈے انٹرنیشنل ہونگے جو آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ 2022-25 کا حصہ ہیں۔

(جاری ہے)

ون ڈے میچز 23، 26 اور 29 مئی کو ڈربی۔ ٹاؤنٹن اور چیمسفرڈ میں ہوں گے۔

پاکستان کی خواتین ٹیم نے آخری بار دو طرفہ سیریز کے لیے 2016 میں انگلینڈ کا دورہ کیا تھا۔پاکستان اس وقت دس ٹیموں پر مشتمل آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ میں 16 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر ہے۔ اس چیمپئن شپ سے ٹاپ پانچ ٹیمیں میزبان بھارت کے ساتھ براہ راست آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ 2025 کے لیے کوالیفائی کریں گی۔انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز موجودہ چیمپئن شپ میں پاکستان کی آٹھویں اور آخری سیریز ہوگی۔

پاکستان ویمنز ٹیم اتوار 5 مئی کو کراچی سے براستہ دبئی انگلینڈ کے لیے روانہ ہوگی۔پاکستان خواتین کے اسکواڈ میں ندا ڈار (کپتان) عالیہ ریاض، عائشہ ظفر، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثنا، گل فیروزہ،منیبہ علی (وکٹ کیپر)،نجیہہ علوی (وکٹ کیپر ) نشرہ سندھو، نتالیہ پرویز،رامین شمیم،صدف شمس،سعدیہ اقبال،سدرہ امین، طوبیٰ حسن، ام ہانی اور وحیدہ اختر جبکہ پلیئر سپورٹ اسٹااف میں ناہیدہ خان (منیجر) محتشم رشید (عبوری ہیڈ کوچ) ،سلیم جعفر (بولنگ کوچ) ،توفیق عمر (بیٹنگ کوچ)،حنیف ملک (فیلڈنگ کوچ)،سید نذیر احمد (میڈیا منیجر)،رابعہ صدیق ( فزیو تھراپسٹ) ،زبیر احمد (انالسٹ ) اور حنا منور (چیف سیکورٹی آفیسر) شامل ہیں ۔

شیڈول کے مطابق 9 مئی کو ٹی ٹوئنٹی وارم اپ بمقابلہ ای سی بی ڈیولپمنٹ الیون اپٹنسٹیل کاؤنٹی گراؤنڈ میں( مقامی وقت صبح گیارہ بجی) ہوگا ،11 مئی کوپہلا ٹوئنٹی بمقابلہ انگلینڈ برمنگھم میں(مقامی وقت دوپہر ڈھائی بجے ) ہوگا ،17 مئی کو دوسرا ٹی ٹوئنٹی بمقابلہ انگلینڈ نارتھمپٹن ( مقامی وقت شام ساڑھے چھ بجے ) ہوگا ،19 مئی کوتیسرا ٹی ٹوئنٹی بمقابلہ انگلینڈ لیڈز میں ( مقامی وقت دوپہر ایک بجے ) ہوگا ،21 مئی کوون ڈے وارم اپ،بمقابلہ ای سی بی ڈیولپمنٹ الیون،نارتھمپٹن میں( مقامی وقت صبح گیارہ بجے ) ہوگا ۔

23 مئی کو پہلا ون ڈے بمقابلہ انگلینڈ، ڈربی( مقامی وقت دوپہر ایک بجے ) ہوگا ،26 مئی کودوسرا ون ڈے انٹرنیشنل بمقابلہ انگلینڈ ٹائونٹن میں( مقامی وقت صبح گیارہ بجے ) ہوگا ،29 مئی کو تیسرا ون ڈے بمقابلہ انگلینڈ میںچیلمسفورڈ ہوگا ہوگا ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں