دھاندلی کا الزام انتہائی بیہودہ ہے ، اپوزیشن مینڈیٹ والوں کی توہین کر رہی ‘سپیکر ملک احمد خان

عوام کے مسائل کا حل جمہوریت میں ہے،اگر جمہوریت کے ثمرات حاصل کرنے ہیں تو وہ پنجاب اسمبلی سے ہی ہوں گے

بدھ 24 اپریل 2024 19:26

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2024ء) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ ضمنی انتخاب میں دھاندلی کا الزام انتہائی بیہودہ ہے ، اپوزیشن مینڈیٹ والوں کی توہین کر رہے ہیں، یہ لوگ واضح طور پر ہار چکے ہیں،ضمنی الیکشن میں قصور اور کاہنہ کے حلقوں میں مسلم لیگ (ن) واضح اکثریت سے جیتی،الیکشن میرٹ پر ہوا۔ انہوں نے پنجاب اسمبلی آمد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضمنی الیکشن میں عوام نے میاں نواز شریف کی قیادت ، شہباز شریف کی وزارت عظمیٰ اور محترمہ مریم نواز کی وزارت اعلیٰ پر بھر پور اعتماد کا ظاہر کیا ۔

لوگ انتشار کی سیاست اور ہر وقت کے افراتفری کے ماحول سے تنگ آچکے ہیں۔ عوام نے جو مینڈیٹ دیا ہے اس پر ہم 12کروڑ عوام کے مسائل کو حل کریں گے، عوامی نمائندوں کو عوام کے حقوق کے لیے آواز اٹھانا ہوگی۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ اگر جمہوریت کے ثمرات حاصل کرنے ہیں تو وہ پنجاب اسمبلی سے ہی ہوں گے۔ اپوزیشن نے دوران اجلاس کبھی عوامی مسائل پر بات نہیں کی۔

تنقید برائے اصلاح ہوتی ہے نہ کہ تنقید برائے جھگڑا ۔ گذشتہ اجلاس میں ایوان میں شور شرابہ سے متعلق ایک سوال کے جواب میں سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ یہ پنجاب اسمبلی کا ایوان ہے یہ جلسہ گاہ نہیں۔پنجاب اسمبلی کو رولز آف پروسیجر کے مطابق چلاوں گا ۔ بطور سپیکر میرے نزدیک تمام رکن اسمبلی برابر ہیں۔کسی کی بے توقیری میرا مقصد نہیں ہے ۔ اگر کوئی ممبر اخلاقیات سے گری بات کرتا ہے تو اس کا نوٹس لینا میرا آئینی فرض ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں