معذور کانکنوں کی ماہانہ امداد کو ای او بی آئی کی ماہانہ پنشن کے برابر کر رہے ہیں‘ سردار شیر علی گورچانی

کانکنان کی دوران کار وفات کی صورت میں معاوضہ کی رقم 5لاکھ سے بڑھا کر 8 لاکھ کی جا رہی ہے ‘صوبائی وزیر

بدھ 1 مئی 2024 22:51

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2024ء) صوبائی وزیر معدنیات سردار شیر علی خان گورچانی نے یوم مزدور کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ کانکن ہمارے بازو ہیں، ان کی محنت اور جرات کو سلام پیش کرتا ہوں۔ اس کے علاوہ کانکنان کی فلاح کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت دے چکا ہوں۔صوبائی وزیر معدنیات کا کہنا تھا کہ معذور کانکنوں کی ماہانہ امداد کو EOBI کی ماہانہ پنشن کے برابر کر رہے ہیں۔

اس حوالے سے کانکنان کی دوران کار وفات کی صورت میں معاوضہ کی رقم 5لاکھ سے بڑھا کر 8 لاکھ کی جا رہی ہے جبکہ کم از کم اجرت 32000 روپے پر ہر صورت عملدرآمد کو یقینی بنا رہے ہیں۔اس کے علاوہ عملدرآمد نہ کرنے والے کنٹریکٹر کی لیز فوری معطل کر دیں گے۔ اسی مناسبت سے کانکنان کی ڈیتھ گرانٹس اور انکے بچوں کی شادی پر دی جانے والی میرج گرانٹس کی فوری ادائیگی کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ تعلیمی وظائف کی تقسیم میں شفافیت پہلی ترجیح ہے۔اس حوالے سے متوفی کانکنان کے اہل خانہ کو معاوضہ جات کی فوری ادائیگی کیلئے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز سے فوری رابطے کرنے کی ہدایت ہے۔ ایک ہفتے کے اندر ادائیگی کروائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ مائنز لیبر ویلفیئر کی ہیلپ لائن 1325 کی کانکنان کی معلومات کیلئے بڑے پیمانے پر تشہیر اور ہر مائن پر بورڈ آویزاں کی گئی ہے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر معدنیات سردار شیر علی خان گورچانی نے مزید کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ وزیر اعلٰی پنجاب کے ویژن کے مطابق کانکنان کیلئے جدید فلاحی سہولیات کا جال بچھا دیا جائے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں