پنجاب بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو پولی تھین بیگز سے متعلق پالیسی بنانے کی ہدایت

جمعرات 2 مئی 2024 15:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2024ء) لاہور ہائیکورٹ نے ماحولیاتی آلودگی اور سموگ کے تدراک کے لیے دائر درخواستوں پرپنجاب بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو پولی تھین بیگز سے متعلق پالیسی بنانے کی ہدایت کردی۔ عدالت نے جمعرات کے روز گذشتہ سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ ہر ڈپٹی کمشنر پولی تھین بیگ اکٹھے کرنے اور انکو تلف کرنے کیلئے پالیسی بنائے، شہریوں پر فیس عائد کرنے کو بھی پالیسی کا حصہ بنایا جائے۔

عدالت نے تحریری فیصلہ میں آلودگی کا باعث بننے والی فیکٹریوں اور اینٹوں کے بھٹوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کا حکم دیا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سموگ کے تدارک کیس میں ہارون فاروق سمیت دیگر کی ایک ہی نوعیت کی دائر درخواستوں پر گذشتہ سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا ۔

(جاری ہے)

عدالت کے روبرو درخواستوں میں ماحولیاتی آلودگی اور سموگ کے تدارک کیلئے اقدامات نہ کرنے کی نشاندہی کی گئی تھی ۔

عدالت نے تحریری فیصلے میں کہا ہے کہ آئندہ سماعت پر پنجاب کے تمام اضلاع کی پالیسی عدالت میں پیش کی جائے،عدالت نے پنجاب بھر کی انڈسٹریز کو فضلااور آلودگی کا باعث نہ بننے والی ڈیوائس لگانے کی ہدایت کر دی اور چیمبر آف کامرس کو ہدایات جاری کرتے ہوئے چار ہفتوں میں رپورٹ مانگ لی۔عدالت نے اپنے حکم نامے میں کہا ہے کہ سرکاری وکیل کے مطابق لاہور، شیخوپورہ اور ننکانہ کے محکمہ ماحولیات کے افسران کے تبادلے کر دیئے گئے۔تحریری حکم نامے کے مطابق آلودگی کا باعث بننے والی فیکٹریوں اور اینٹوں کے بھٹوں کیخلاف کارروائیاں کرنے کا بھی کہا گیا۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت (کل) بروز جمعہ تک ملتوی کی ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں