بچوں کی لڑائی میں فائرنگ سے ٹریفک وارڈن جاں بحق، بھائی زخمی

اتوار 12 مئی 2024 14:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2024ء) بچوں کی لڑائی کے دوران فائرنگ سے زخمی ہونے والاٹریفک وارڈن عرفان اللہ جاں بحق ہوگئے، پولیس نے واقعے کا مقدمہ مقتول کے بھائی اکرام اللہ کی مدعیت میں درج کر لیا۔ایف آئی آر کے مطابق گلی میں شور سن کر عرفان اللہ اپنے بھائیوں نعیم اللہ، سمیع اللہ اور بھتیجے عبدالرحمان کے ساتھ گلی میں گئے تو دیکھا کہ ہمسائے حیدر سے شاہد چٹھہ، قمر چٹھہ لڑائی جھگڑا کر رہے اور ان کے ساتھ 10 سے 15 نا معلوم لوگ بھی تھے۔

مقدمے کے متن میں یہ بھی لکھا گیا کہ عرفان اللہ نے اپنے بھائیوں کے ساتھ لڑائی جھگڑے کے معاملے کو رفع دفع کرانے کی کوشش کی تو قمر چٹھہ، شاہد چٹھہ اور 2 نامعلوم افراد نے فائرنگ شروع کر دی، فائر لگنے سے عرفان اللہ اور نعیم اللہ زخمی ہوگئے جبکہ عرفان اللہ جانبر نہ ہوسکے۔

(جاری ہے)

سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر نے عرفان اللہ کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دکھ اور غم کی اس گھڑی میں لاہور ٹریفک پولیس شہید کی فیملی کے ساتھ ہے، شہید ٹریفک وارڈن عرفان اللہ ایماندار اور محنتی آفیسر تھا۔

شہید ٹریفک وارڈن عرفان اللہ نے سوگواران میں پانچ بیٹے اور بیوہ چھوڑے ہیں ۔واضح رہے گزشتہ روز محلے میں بچوں کی وجہ سے لڑائی ہورہی تھی کہ ٹریفک وارڈن عرفان اللہ اپنے بھائی کے ساتھ معاملہ رفع دفع کرانے پہنچے تو ملزمان نے دونوں بھائیوں پر فائرنگ کردی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں