۳آج مکمل ہڑتال ،16مئی کو جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے اجلاس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائیگا ‘ کامران بشیر مغل

،متنازعہ نوٹیفکیشن ،وکلاء پر دہشتگردی کی دفعات کے تحت درج مقدمات کی واپسی تک احتجاج جاری رہیگا‘ وائس چیئرمین پنجاب بار

اتوار 12 مئی 2024 17:15

Y لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 مئی2024ء) پنجاب بار کونسل کے وائس چیئرمین کامران بشیر مغل نے کہا ہے کہ مطالبات کے حق میں آج بروز ( پیر)مکمل ہڑتال ہو گی ،16مئی کو جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے اجلاس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا ،مطالبہ ہے کہ 8مئی کو وکلاء پر پولیس تشدد کامقدمہ درج کیا جائے اور ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے ، جب تک متنازعہ نوٹیفکیشن اور وکلاء پر دہشتگردی کی دفعات کے تحت درج مقدمات واپس نہیں ہوتے ہمارا احتجاج جاری رہے گا ۔

اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ اپنے جائز مطالبات کیلئے پر امن احتجاج کرنے پر وکلاء سے دھمکیاں آمیز رویہ قطعی طو رپر قبول نہیں ، تمام وکلاء بارز متحد ہیں اور مطالبات کو تسلیم کرانے کیلئے پر عزم ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارا متفقہ فیصلہ ہے کہ عدالتوں کی تقسیم کے متنازعہ نوٹیفکیشن کو کسی صورت تسلیم نہیں کیا جائے گا ، تمام وکلاء بارز رابطے میں ہیں اور 16مئی کو جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے اجلاس میں تمام تر صورتحال کا جائزہ لے کر آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کیا جائے گا۔

وائس چیئرمین کامران بشیر مغل نے کہا کہ جس کے کہنے پر وکلاء پر مقدمہ درج کیا گیا اس پولیس افسر کے خلاف بھی وکلاء پر تشدد کرنے پر مقدمہ درج کیا جائے اور اسے کٹہرے میں لایا جائے ۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ تمام گرفتار وکلاء کو رہا کیا جائے ، وکلاء دہشتگرد نہیں ان کے خلاف 7اے ٹی اے کی دفعات کے تحت درج مقدمات واپس لئے جائیں۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں