شہریوں کیلئے خوشخبری، نان روٹی ایسوسی ایشن حکومتی نوٹیفیکیشن کے مطابق روٹی ونان کی فروخت پر رضامند

اتوار 12 مئی 2024 19:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2024ء) پنجاب کے شہریوں کیلئے بڑی خوشخبری،صوبائی وزیرخوراک بلال یاسین نے کامیاب مذاکرات کے بعد نان روٹی ایسوسی ایشن کو حکومتی نوٹیفیکیشن کے مطابق روٹی ونان کی فروخت پر رضامند کر لیا ۔ ترجمان کے مطابق وزیر خوراک سے صدر متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن آفتاب گل نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ اس موقع پر سیکرٹری خوراک معظم اقبال سپرا، ڈائریکٹر فوڈ پنجاب شعیب خان جدون اور متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن کے عہدیداران بھی موجود تھے۔

وزیر خوراک سے کامیاب مذاکرات کے بعد نان روٹی ایسوسی ایشن نے 15 روپے کی روٹی فروخت کرنے کی یقین دہانی کروا دی۔ بلال یاسین نے کہا کہ آٹے کی قیمت میں کمی کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے مشن میں کامیابی ہوئی اور عوام کو ریلیف دینے کیلئے آٹے کی قیمت میں نمایاں کمی کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نان روٹی ایسوسی ایشن پنجاب بھر کے تندوروں پر حکومتی نوٹیفیکیشن کے مطابق نان اور روٹی کی فروخت یقینی بنائے ۔

انہوں نے مزیدکہا کہ گزشتہ ایک ماہ میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 1000 سے 1200 روپے جبکہ 10 کلو آٹے کا تھیلا 500 سے 600 روپے سستا ہوا اورعوام کو سستی ومعیاری روٹی کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے ،اس میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔ صدر نان روٹی ایسوسی ایشن آفتاب گل نے وزیر خوراک کی موجودگی میں ویڈیو پیغام بھی ریکارڈ کروایا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے آٹے کی قیمت میں بہت زیادہ ریلیف دیا جس کی دل سے قدر کرتے ہیں۔صدر نان روٹی ایسوسی ایشن نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے میں حکومت کے شانہ بشانہ ہیں ،پنجاب بھر میں روٹی 15 روپے کی فروخت کریں گے۔ انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ تمام تندوروں پر حکومتی نوٹیفیکیشن کے مطابق 15 روپے کی روٹی فروخت کریں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں