جماعت اسلامی کی مجلس قائمہ کا اجلاس 20مئی کو طلب کرلیاگیا

حافظ نعیم الرحمن ملکی حالات اور آئندہ کے لائحہ عمل کے لیے وژن ،بریفنگ دیں گے

بدھ 15 مئی 2024 20:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2024ء) نائب امیر جماعت اسلامی اور مجلسِ قائمہ سیاسی قومی امور کے صدر لیاقت بلوچ نے 20 مئی کو مجلسِ قائمہ کا اجلاس طلب کرلیا۔ امیر جماعتِ اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن مجلسِ قائمہ کے ممبرز کو ملکی حالات اور آئندہ کے لائحہ عمل کے لیے وژن اور بریفنگ دیں گے۔ مجلسِ قائمہ سیاسی قومی امور میں پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور اسلام آباد سے مرکزی مجلسِ شوریٰ کے 22 ارکان ممبر ہیں۔

اجلاس میں مرکزی مجلسِ شوریٰ کے لیے سفارشات تیار کی جائیں گی۔ خیبرپختونخوا کے سابق سینئر وزیر عنایت اللہ خان مجلسِ قائمہ کے سیکرٹری ہیں۔لیاقت بلوچ نے وزیرآباد، لاہور اور راولپنڈی میں سیاسی مشاورتی اجلاس اور عوامی وفود سے ملاقاتوں میں کہا کہ آزادکشمیر میں عوامی ایکشن کمیٹی کے احتجاج کے بعد مسائل حل ہونے کے بعد احتجاج کے خاتمہ اور دورانِ احتجاج پُرتشدد عوامی ردِعمل کے قومی سیاست اور عوامی احتجاج پر گہرے اثرات مرتب ہونگے۔

(جاری ہے)

عوام میں غصہ اور پُرتشدد ردعمل کی بنیادی وجہ ریاستی اداروں کی سیاسی اور سماجی معاملات میں غیرآئینی مداخلت، کرپٹ اشرافیہ اور حکمران طبقات، عدلیہ کے جج صاحبان، بیوروکریسی اور سرکاری محکموں میں رشوت، بدعنوانیوں کی انتہا ہے۔ کسی کا جائز کام بھی اب سفارش، رشوت اور مُٹھی گرم کرنے سے ہوتا ہے۔ ناجائز کام کے لیے رشوت خور ہر طرح کی سہولت کاری کے لیے دن رات ہردم تیار ہیں۔

بجلی، پٹرول، گیس قیمتوں اور ٹرانسپورٹ کے ہوشربا کرایوں سے عوام میں یہ یقین پختہ ہوچکا ہے کہ کرپٹ اشرافیہ عیاشیاں کرتا ہے اور بوجھ غریب سفیدپوش طبقہ پر پڑتا ہے۔ 9 مئی کے واقعات، گوادر (بلوچستان) میں ماہی گیروں کے مسائل سے متعلق عوامی ردِعمل، آزاد کشمیر میں پُرتشدد عوامی مظاہروں اور ملک کے دیگر بڑے شہروں میں اسٹریٹ کرائمز میں عوام کے ہتھے چڑھنے والے ڈاکوؤں کی عوام کے ہاتھوں دُرگت اور پُرتشدد انجام اس بات کا اعلان ہے کہ ملک پُرتشدد انارکی کی طرف بڑھ رہا ہے۔

پارلیمنٹ، صوبائی اسمبلیاں، وفاقی و صوبائی حکومتیں اور ریاستی ادارے اب تو ہوش کے ناخن لیں، وگرنہ حالات کسی کے بھی کنٹرول میں نہیں رہیں گے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ اقتصادی بحران کاخاتمہ آئی ایم ایف، ورلڈ بنک کے سامنے سجدہ ریزی اور دوست ممالک کے سامنے کشکول پھیلانے سے نہیں بلکہ ملک کے اندر سیاسی استحکام اور گُڈگورننس کے ذریعے ممکن ہے۔

خیبرپختونخوا میں فارم 45 اور وفاق، سندھ، پنجاب، بلوچستان میں فارم 47 کی حکومتیں پرفارمنس کے اعتبار سے برابری کی بنیاد پر ناکام ہیں۔ گندم کا بحران پیدا کرنے اور زراعت، کسان و ہاری کو تباہ کرنے میں پی ٹی آئی، پی ڈی ایم اتحادی حکومتیں، نگراں حکومت اور 2024ء انتخابات کے بعد وجود میں آنے والی حکومتیں برابر کی شریک ہیں۔ 16 مئی کو لاہور میں امیر جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں ملک بھر کے کسانوں، ہارہوں، زمین داروں سے اظہارِ یکجہتی اور حکومتوں کی زراعت و کسان کشن پالیسی کے خلاف پُرامن اور زبردست احتجاج ہوگا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں