گارمنٹس سٹی حکومت کا منفرد پراجیکٹ ہے جس سے اربوں ڈالر کی ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری آئے گی،چوہدری شافع حسین

بدھ 22 مئی 2024 22:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2024ء) وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر انڈسٹریل سٹی کے قیام کے حوالے سے سفارشات مرتب کرنے کیلئے بنائی گئی کمیٹی کا تیسرا اجلاس منعقد ہوا ۔کمیٹی کے چیئرمین چوہدری شافع حسین نے اجلاس کی صدارت کی۔پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے کمیٹی روم میں منعقدہ اجلاس میں گارمنٹ سٹی کے قیام کے حوالے سے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں بنگلہ دیش، ویتنام گارمنٹ سٹیز کے ماڈل کا بھی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں گارمنٹ سٹی کیلئے علیحدہ بزنس فسیلیٹیشن سینٹر بنانے کی تجویز پر بھی غور ہوا۔صوبائی وزیر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گارمنٹ سٹی کے قیام کا منصوبہ حکومت کا منفرد پراجیکٹ ہے۔2 ہزار ایکڑ رقبے پر بننے والے گارمنٹ سٹی میں اربوں ڈالرز کی ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری ہوگی۔

(جاری ہے)

گارمنٹ سٹی برآمدات بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ گارمنٹ سٹی کے قیام کیلئے سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کا عمل جاری ہے۔گارمنٹ سٹی کے قیام کے حوالے سے سفارشات کو جلد حتمی شکل دے کر وزیر اعلی کی منظوری کیلئے پیش کردیا جائے گا۔ انرجی ڈیپارٹمنٹ کے حکام نے گارمنٹ سٹی میں سولر انرجی پلانٹ کے ذریعے بجلی فراہم کرنے کے حوالے سے بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ابتدائی طور پر 15میگاواٹ کا سولر پلانٹ لگانے کی تجویز ہے۔منصوبے پرتقریبا 127ارب لاگت کا تخمینہ ہے اور منصوبہ 2سال میں مکمل ہوگا۔سیکرٹری صنعت و تجارت ،سی ای او پنجاب سرمایہ کاری بورڈ ،سینئر ڈی جی ، چیئرمین پیڈمک،انرجی ڈیپارٹمنٹ کے حکام اور متعلقہ افسران کی اجلاس میں شرکت کی-

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں