آبادی کے استحکام کیلئے حکومت کے ساتھ ہر شہری کو بھی ذمہ داری ادا کرنا ہوگی،خواجہ عمران نذیر

جمعرات 2 جولائی 2026 20:23

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2026ء) صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش بیشتر چیلنجز کا تعلق آبادی میں تیز رفتار اضافے سے ہے، اس لیے اس مسئلے سے فوری و موثر انداز میں نمٹنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی این جی او کے زیر اہتمام محکمہ صحت و آبادی کے تعاون سے منعقدہ لرننگ ایونٹ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں سینئر وزیر مریم اورنگزیب، ذکیہ شاہنواز، جہاں آرا منظور وٹو، سیکرٹری صحت و آبادی نادیہ ثاقب اور برٹش ہائی کمیشن کے ڈپٹی ہائی کمشنر بین وارنگٹن بھی موجود تھے۔خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ فیملی پلاننگ میں مزید سرمایہ کاری، شواہد اور مستند اعداد و شمار کی بنیاد پر مضبوط پالیسی سازی اور جدید تحقیق کے مطابق عملدرآمد ہی متوازن آبادی کے مشن کو یقینی بنا سکتا ہے، آبادی میں مسلسل اضافے کے اثرات معیشت، صحت، تعلیم اور دیگر سماجی شعبوں پر مرتب ہو رہے ہیں، اگر ہم نے اپنی آنے والی نسلوں کو مضبوط، پائیدار معاشی طور پر مستحکم پاکستان دینا ہے تو فرسودہ روایات کو چھوڑنا ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج کی بیٹی ہر لحاظ سے بیٹے سے آگے اور ہر فیلڈ میں نمایاں کامیابیاں سمیٹ رہی ہے،غیر ارادی حمل کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے موثر خاندانی منصوبہ بندی کی سہولیات سے استفادہ کرنا ناگزیر ہے۔ خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ محکمہ صحت و آبادی پنجاب کی ہر فیسیلیٹی میں خواتین کو فیملی پلاننگ کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں،محکمہ پاپولیشن ویلفیئر کو محکمہ صحت کے ساتھ ضم کرنا ایک اہم اصلاحاتی اقدام ہے، جس کے نتیجے میں خاندانی منصوبہ بندی اور صحت کی خدمات ایک ہی نظام کے تحت فراہم کرنا ممکن ہوا۔

انہوں نے مذید کہا کہ سرکاری صحت مراکز میں زچگی کے بعد خواتین کو فیملی پلاننگ کے حوالے سے کونسلنگ اور فیمیلی پلاننگ کے حوالے سے کموڈیٹیز/ضروری سہولیات بھی مہیا کی جا رہی ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ خاندانی منصوبہ بندی کے لیے بھی قومی سطح پر جامع ایکشن پلان ترتیب دیا جائے، آبادی کے مسئلے پر قابو پانے کے لیے قلیل مدتی اور طویل مدتی حکمت عملی پر بیک وقت عمل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی قائم کردہ نیشنل پاپولیشن کونسل کے تعاون اور رہنمائی سے تمام صوبوں اور اسٹیک ہولڈرز کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب خاندانی منصوبہ بندی اور آبادی میں توازن کو خصوصی اہمیت دے رہی ہیں، متوازن آبادی ہی قومی ترقی اور خوشحالی کی ضامن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں جاری سماجی اقتصادی سروے جولائی تک مکمل ہو جائے گا اور اس سوشل اکنامک رجسٹری سے مستقبل کی بہتر منصوبہ بندی ممکن ہو پائے گی۔

خواجہ عمران نذیر نے مذید کہا کہ کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹر پروگرام، فیلڈ ہسپتال، کلینک آن ویلز اور دیگر طبی سہولیات کے ذریعے عوام تک خاندانی منصوبہ بندی کی خدمات بہم پہنچائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آبادی کے استحکام کے لیے حکومت کے ساتھ ساتھ ہر شہری کو بھی اپنی ذمہ داری ادا کرنا ہوگی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں