لاہور، نامعلوم افراد کی فائرنگ سے زخمی اسٹیج اداکارہ قسمت بیگ ہسپتال میں دوران علاج دم توڑ گئیں

فنکاروں کا پنجاب اسمبلی کے سامنے احتجاجی دھرنا ، قاتلوں کی جلد گرفتاری اور فنکاروں کو تحفظ کا مطالبہ

جمعرات 24 نومبر 2016 23:03

لاہور، نامعلوم افراد کی فائرنگ سے زخمی  اسٹیج اداکارہ قسمت بیگ ہسپتال میں دوران علاج دم توڑ گئیں
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 نومبر2016ء) ہربنس پورہ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے زخمی ہونے والی اسٹیج اداکارہ قسمت بیگ ہسپتال میں دوران علاج دم توڑ گئیں۔ فائرنگ کا واقعہ ہربنس پورہ میں پیش آیا۔ فنکاروں کا پنجاب اسمبلی کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا ، قاتلوں کی جلد گرفتاری اور فنکاروں کو تحفظ کا مطالبہ کیا ۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز اداکارہ قسمت بیگ تھیئڑ سے گھر واپس جارہی تھیں کہ نامعلوم مسلح افراد نے گاڑی رکوائی اور حملہ کر دیا۔

قاتلانہ حملے میں قسمت بیگ کو بارہ گولیاں لگیں۔ ڈاکٹرز نے 8 گھنٹے کے طویل آپریشن کے بعد اداکارہ کو آئی سی یو منتقل کیا جہاں کچھ دیر رہنے کے بعد ان کی حالت پھر بگڑ گئی اور وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسیں۔

(جاری ہے)

اہل خانہ کے مطابق، اداکارہ پر پہلے بھی حملہ ہو چکا تھا لیکن ملزمان کبھی سامنے نہیں آئے۔قسمت کے دم توڑ جانے کے بعد ان کے اہلخانہ کا صبر جواب دے گیا اور وہ سراپا احتجاج بن گئے۔

ان کا کہنا ہے کہ مقتولہ پر پہلے بھی حملہ ہوا مگر پولیس ملزمان کو گرفتار نہ کر سکی جس کے باعث ملزمان نے دوبارہ حملہ کرکے فنکارہ کی جان لے لی۔ اہلخانہ کا مطالبہ ہے کہ قسمت کے قاتلوں کو فوراً گرفتار کیا جائے اور انہیں انصاف دلایا جائے۔ قسمت کے اہلخانہ جیل روڈ کی طرف احتجاجاً پیدل مارچ کر تے رہے ۔دوسری جانب، لاہور میں بڑھتی ہوئی جرائم کی شرح تاحال حکام کو متاثر نہیں کر سکی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں