سپورٹس بورڈ پنجاب کے تعاون سے یوم آزادی ، یوم اقلیت باسکٹ بال چیلنج ٹرافی کا انعقاد

سینئر کیٹیگری میں کیتھڈرل باسکٹ بال ٹیم نے سی ٹی آئی سیالکوٹ اور جونیئر کیٹیگری میں سپورٹس ایمبسیڈرز کی ٹیم نے کیتھڈرل باسکٹ بال کی ٹیم کومات دیدی جشن آزادی کے حوالے سے کھیلوں کے مقابلو ں میں اقلیتوں کی شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ پاکستان سے محبت کرتے ہیں‘ ڈائریکٹر سپورٹس حفیظ بھٹی

پیر 13 اگست 2018 19:16

سپورٹس بورڈ پنجاب کے تعاون سے یوم آزادی ، یوم اقلیت باسکٹ بال چیلنج ٹرافی کا انعقاد
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2018ء) جشن آزادی کے حوالے سے سپورٹس بورڈ پنجاب، پاکستان بائبل سوسائٹی اور سینٹ مائیکل سپورٹس فائونڈیشن کے تعاون سے یوم آزادی، یوم اقلیت باسکٹ بال چیلنج ٹرافی کے مقابلے نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس کے جمنزیم ہال میں منعقد ہوئے۔ تقریب کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر سپورٹس محمد حفیظ بھٹی تھے، اس موقع پر اجمل طاہر، پرویز مائیکل، پرویز یونس، پرویز سرویا، ایوب شمس اور عرفان فرانسس بھی موجود تھے۔

چیلنج ٹرافی کے سینئر کیٹیگری کے مقابلوں میں کیتھڈرل باسکٹ بال ٹیم نے سی ٹی آئی سیالکوٹ کی ٹیم کو جبکہ جونیئر کیٹیگری میں سپورٹس ایمبسیڈرز کی ٹیم نے کیتھڈرل باسکٹ بال کی ٹیم کو شکست دیدی۔ڈائریکٹر سپورٹس محمد حفیظ بھٹی نے کامیاب ٹیموں میں انعامات تقسیم کئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر سپورٹس محمد حفیظ بھٹی نے کہا کہ اقلیتوں کی پاکستان سے محبت کسی شک و شبہ سے بالا ہے، جشن آزادی کے کھیلوں کے مقابلوں میں اقلیتوں کی شرکت اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے حفیظ بھٹی نے مزید کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں نے چیلنج ٹرافی میں بہترین کھیل پیش کیا، نوجوان لگن اور جذبے کے ساتھ سپورٹس میں حصہ لیں، سپورٹس بورڈ پنجاب ان کی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے کے لئے ہرممکن تعاون کرے گا۔

تقریب کے آخر میں پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے دعا بھی کی گئی۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں