عبدالرحمٰن کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

بین الاقوامی سلیکٹرز کی جانب سے نظر انداز کیے جانے کی وجہ سے مایوس تھا ،ْ کرکٹر

جمعرات 11 اکتوبر 2018 00:07

عبدالرحمٰن کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2018ء) سابق پاکستانی اسپنر عبدالرحمٰن نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق عبدالرحمن نے کہا کہ وہ بین الاقوامی سلیکٹرز کی جانب سے نظر انداز کیے جانے کی وجہ سے مایوس تھے اس لیے دلبرداشتہ ہو کر ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔38 سالہ عبدالرحمن نے 6 سال قبل 2012 میں اپنے کیریئر کی بہترین پرفارمنس دیتے ہوئے دنیا کی نمبر ون ٹیسٹ ٹیم کو متحدہ عرب امارات میں وائٹ واش کیا تھا۔

انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں عبدالرحمٰن نے 19 جبکہ سعید اجمل نے 24 وکٹیں حاصل کیں تھیں۔عبدالرحمن نے لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ میں بہت دلبرداشتہ ہوکر انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کررہا ہوں ،ْیہ ایک مشکل فیصلہ تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے 22 ٹیسٹ میچ میں 99، 31 ون ڈے میچز میں 30 اور 11 بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی میچز میں 8 وکٹیں حاصل کیں۔

عبدالرحمن نے اپنا آخری ٹیسٹ میچ 2014 میں سری لنکا میں کھیلا تھا جس کے بعد سلیکٹرز نے کم عمر کھلاڑیوں کو شامل کرنا شروع کیا اور انہیں کسی بھی بین الاقوامی میچ میں کھیلنے کا موقع نہیں ملا۔انہوںنے کہاکہ انگلینڈ کو 2012 میں شکست سے دو چار کرنا میرے کیرئیر کا یادگار ترین لمحہ تھا۔انہوں نے کہا کہ سعید اجمل کے ساتھ میری جوڑی بہت اعلیٰ تھی، میں وہ لمحہ کبھی نہیں بھول سکتا جب ہم نے انگلینڈ کے خلاف سیریز میں کلین سوئپ کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے ٹی ٹوئنٹی کا ورلڈ کپ کھیلنے کا موقع دیا گیا جس کے لیے میں شکر گزار ہوں، جہاں میری کارکردگی اچھی تھی۔عبدالرحمٰن کا کہنا تھا کہ مجھے ٹیسٹ میچ وکٹس میں سنچری مکمل نہ کرنے پر بہت افسوس ہے لیکن میں نے 22 ٹیسٹ میچز میں 99 وکٹیں لیں، یہ بھی کم نہیں کیونکہ بہت کم اسپنرز ایسا کرپاتے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں