محمد آصف کیس، پی سی بی نے دوبارہ تحقیقات کیلئے کمیٹی بنا دی ،قومی ٹیم 5ون ڈے میچز کیلئے 11مارچ کو بنگلہ دیش روانہ ہوگی،سلیم الطاف کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 15 جنوری 2009 22:38

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15جنوری۔2009ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پابندی کے شکار فاسٹ باوٴلر محمد آصف دوبئی کیس کی انکوائری کیلئے دوبارہ تین رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو جمعہ سے اپنی کارروائی کا آغاز کررہی ہے۔پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلیم الطاف نے قذافی سٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو ہارون لورگٹ نے محمدآصف دوبئی کیس کے بارے میں بذریعہ ای میل پی سی بی سے رابطہ کرکے استفسار کیا ہے کہ اس کیس میں فاسٹ باؤلر کے خلاف کیا ڈسپلنری ایکشن لیا گیا تھا۔

جس پر چیئرمین اعجاز بٹ نے ڈائریکٹر ہیومن ریسورس وسیم باری کی سربراہی میں ڈائریکٹر میڈیا آصف سہیل اور ڈاکٹر سہیل سلیم پر مشتمل تین رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دی ہے ۔

(جاری ہے)

کمیٹی محمدآصف کو طلب کرکے ان کا بیان ریکارڈ کرے گی اور تمام حقائق کی چھان بین کے بعد چیئرمین کو رپورٹ پیش کی جائے گی۔یادرہے کہ نسیم اشرف دور میں آصف کیس کی تحقیقات کیلئے پی سی بی نے ایک ٹریبونل تشکیل دیا تھا تاہم ٹریبونل نے کیس پر تحقیقات نہیں کی تھی۔

ایک سوال کے جواب میں سلیم الطاف نے بتایاکہ پی سی بی نے ڈوپ کیس میں اپنے دفاع کے لئے محمد آصف کو آئی پی ایل کے اینٹی ڈوپنگ ٹربیونل کے سامنے پیش ہونے کی اجازت دے دی ہے ۔فاسٹ باؤلر کے کیس کی سماعت 24 جنوری کو ممبئی میں ہوگی۔چیف آپریٹنگ آفیسر نے بتایا کہ سری لنکا کے ساتھ دو ٹیسٹ میچوں کی ہوم سیریز کا ایم او یو سائن ہو گیا ہے جبکہ اب قومی کرکٹ ٹیم بنگلہ دیش کے خلاف پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز پرانے شیڈول کے مطابق گیارہ مارچ کو ہی کھیلنے جائے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں