لکی مروت ،بنوں پولیس نے اسلام آباد پولیس کے ہیڈ کانسٹیبل اور بیٹے کے قتل میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کرلیا

ہفتہ 23 دسمبر 2023 20:00

لکی مروت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 دسمبر2023ء) لکی مروت اور بنوں پولیس نے اسلام آباد پولیس کے ہیڈ کانسٹیبل اور اس کے بیٹے کے قتل میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔یہاں حکام نے بتایا کہ ملزمان نے رمنا تھانے کے علاقے سیکٹر جی الیون میں ہیڈ کانسٹیبل محمد اشرف کو اس وقت گولی مار کرشہید کردیا تھا جب اس نے انہیں ڈکیتی کی واردات کے دوران گرفتار کرنے کی کوشش کی مقتول کانسٹیبل کا اٹھارہ سالہ بیٹا جو اپنے والد کو بچانے آیا تھا وہ بھی گولیوں کی زد میں آکر دم توڑ گیا۔

حکام نے بتایا کہ لکی مروت کے راستے ملزمان کے فرار سے متعلق مصدقہ اطلاع ملنے پر ڈی پی او طارق حبیب نے مقامی پولیس کو الرٹ کیا اور انہیں ملزمان کی گرفتاری یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

سرائے نورنگ کے تھانے شہید عصمت اللہ خان خٹک کے ایس ایچ او عبدالصمد قریشی کی سربراہی میں پولیس پارٹی نے ایک گاڑی کو روک کر اس میں سوار مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا جس کی شناخت محمد نعمان کے نام سے ہوئی ابتدائی تفتیش کے دوران، گرفتار ملزم نے ہیڈ کانسٹیبل اور اس کے بیٹے کے قتل کا اعتراف کیا اور اپنے ساتھی طارق فیروز کی لوکیشن پولیس کو بتادی جس پر بنوں پولیس نے دوسرے ملزم کو غوری والا کے قریب دھر لیا۔

حکام نے بتایا کہ دونوں ملزمان کو قانونی کاروائی مکمل ہونے کے بعد اسلام آباد پولیس کے حوالے کردیا گیا۔

لکی مروت میں شائع ہونے والی مزید خبریں