لکی مروت؛ ملزمان کی گھر میں گھس کر فائرنگ‘ ایک ہی خاندان کے 8 افراد قتل

جاں بحق ہونے والوں میں 2 خواتین اور 2 بچے بھی شامل ہیں‘ لاشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 10 جنوری 2024 11:31

لکی مروت؛ ملزمان کی گھر میں گھس کر فائرنگ‘ ایک ہی خاندان کے 8 افراد قتل
لکی مروت ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 10 جنوری 2024ء ) صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں گھر کے اندر فائرنگ کرکے 8 افراد کو قتل کر دیا گیا۔ مقامی پولیس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ سرائے نورنگ تختی خیل کے علاقے میں پیش آیا، جس میں ملزمان نے گھر میں گھس کر فائرنگ کی، جس کتے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں میں 2 خواتین اور 2 بچے بھی شامل ہیں، جن کی لاشوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ نامعلوم ملزمان قتل کی اس واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جب کہ پولیس نے قتل کی اس خوفناک واردات کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں اور ابتدائی طور پر پولیس نے واقعے کو ذاتی دشمنی قرار دیا ہے، تاہم اس حوالے سے تحقیقات کے بعد اصل وجوہات سامنے آئیں گی۔

(جاری ہے)

دوسری طرف خیبرپختونخوا کے ضلع کرم کی تحصیل لوئر کرم کے علاقے پارا چنار میں نامعلوم افراد کی مسافر گاڑی پر فائرنگ سے خاتون سمیت 5 افراد جاں بحق جب کہ 3 افراد شدیدزخمی ہوگئے، زخمیوں کوہسپتال منتقل کردیاگیا، سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔

معلوم ہوا ہے کہ مسلح افراد نے پارا چنار سے پشاور جانے والی ایک کار اور ایک فلائنگ کوچ کو نشانہ بنایا، مسافر گاڑی پارا چنار سے کوہاٹ جارہی تھی، واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، ڈسٹرکٹ پولیس افسر نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا اور حملہ آوروں کی گرفتاری کیلئے ضلع کی ناکہ بندی کر دی گئی۔

واضح رہے کہ پاراچنار میں مسافر بس پر فائرنگ کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے، 30 دسمبر 2023 کو بھی پاراچنار کے قریب صدہ بازار میں پشاور جانے والی وین پر ملزمان نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک مسافر زخمی ہوا تھا، وین میں موجود مسافر کی جوابی فائرنگ سے ملزمان فرار ہوگئے تھے جب کہ اس واقعے سے 3 روز قبل ہنگو کے قریب پاراچنار جانے والی بس پر فائرنگ کے واقعے میں 2 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے تھے۔

لکی مروت میں شائع ہونے والی مزید خبریں