لکی مروت،ضلعی پرائس ریویو کمیٹی کے کیمیکل ملا دودھ فروخت کرنیوالے شیر فروشوں کی دکانیں سیل کرنے کے احکامات دیدیئے

منگل 21 جون 2022 17:45

لکی مروت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2022ء) ضلعی پرائس ریویو کمیٹی نے کیمیکل ملا دودھ فروخت کرنے والے شیر فروشوں کی دکانیں سیل کرنے کے احکامات جاری کردیئے ، کمیٹی کا اجلاس ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر طارق اللہ کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹرزطارق محمود، اسسٹنٹ کمشنر ٹرائبل سب ڈویژن شکیل احمد، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز اسحاق علی خان، وحید احمد مغل اور گوہر علی خان، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر امان اللہ، دیگر افسران اور تاجر تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کا جائزہ لیا گیا اور نظر ثانی کے بعد نئی قیمتوں کا تعین کرتے ہوئے زیادہ تر خوردنی اشیاء کے سابق نرخ برقرار رکھے گئے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر طارق اللہ نے کہا کہ کیمیکل ملے دودھ اور زائد المیعاد اشیائے خوردونوش کی فروخت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور اس قبیح عمل میں ملوث تاجروں کی دکانیں سیل کردی جائیں گی ۔انہوں نے تاجروں پر زور دیا کہ وہ منافع کا مارجن کم کریں اور عوام کو موجودہ مہنگائی کی لہر میں زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کریں۔

متعلقہ عنوان :

لکی مروت میں شائع ہونے والی مزید خبریں