مون سون شجر کاری مہم کے دوران ضلع میں مجموعی طور پر ڈیڑھ لاکھ سے زائددرخت لگائے جائیں گے،ڈپٹی کمشنر

ہفتہ 21 جولائی 2018 00:10

لالہ موسیٰ۔20جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2018ء) ضلع میں مون سون کی شجر کاری مہم کے دوران مجموعی طور پر 1لاکھ62ہزار500درخت لگائے جائیں گے،لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ اور محکمہ زراعت توسیع بھی شجر کاری مہم میں شامل، کسانوں، شہریوں کو انتہائی کم نرخوں پر پودے فراہم کرنے کیلئے گجرات اور کھاریاں میں 4سیل پوائنٹس قائم کر دیے گئے، یہ تفصیلات ڈپٹی کمشنر توصیف دلشاد کٹھانہ کی زیر اجلاس میں ڈسٹرکٹ فارسٹ آفیسر سید جواد رضوی نے بریفنگ کے دوران بتائیں، ایس ڈی او حماد ترین، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ خرم محمود، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع ڈاکٹر عرفان اللہ وڑائچ و دیگر افسران نے شرکت کی۔

ڈی ایف او نے بتایا کہ ضلع گجرات میں پروٹیکٹڈ اور ان پروٹیکٹڈ جنگلات میں مزید شجر کاری کی گنجائش موجود ہے، رواں سیزن کے دوران مختلف سرکاری جنگلات میں 75000نئے درخت لگائے جائیںگے، پاک فوج کو 5ہزار، مختلف سرکاری محکموں کو 7500جبکہ پرائیویٹ زمین مالکان کی مدد سے بھی 75ہزار درخت لگائے جائیں گے، شہری شجر کاری کیلئے جلیانی اور کھاریاں میں فارسٹ ڈیپارٹمنٹ کی نرسریوں سے پودے حاصل کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ خرم محمود ترہنگی نے بتایا کہ ضلع کونسل گجرات، میونسپل کارپوریشن، میونسپل کمیٹیاں اور117یونین کونسلیں 21600درخت لگائیں گی جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع نے بتایا کہ گجرات کے علاقہ ٹھوٹھہ رائے بہادر کے قریب کسانوں کے تعاون سی11ہزار درخت لگائے جائیں گے۔ ڈپٹی کمشنر توصیف دلشاد کٹھانہ نے ہدایت کی کہ فارسٹ ڈیپارٹمنٹ تمام سرکاری محکموں سے درخت لگانے کیلئے دستیاب جگہ اور انکی دیکھ بھال کیلئے مالی و افرادی وسائل کی معلومات حاصل کرے۔ انہوںنے کہا کہ جنگلات کے رقبہ میں اضافہ وقت کا تقاضا ہے اور ہدایت کی کہ ضلع میں جنگلات میں اضافہ کیلئے اقدامات نظر آنے چاہییں۔

متعلقہ عنوان :

لالہ موسیٰ میں شائع ہونے والی مزید خبریں