ورلڈ کپ کبڈی میچز میں مہمانوں کو بہترین سہولیات، فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی،ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد

منگل 11 فروری 2020 20:37

ورلڈ کپ کبڈی میچز میں مہمانوں کو بہترین سہولیات، فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی،ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد
لالہ موسیٰ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 فروری2020ء) ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد، ڈی پی او سید توصیف حیدر نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ کبڈی میچز میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں، میچ دیکھنے کیلئے آنیوالے مہمانوں کو بہترین سہولیات، فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی، کھیل کے ذریعے پوری دنیا میں پاکستان کا پر امن تشخص اجاگر کرنے کیلئے انٹر نیشنل، قومی اور مقامی میڈیا کو خوش آمدید کہا جائے گا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے چوہدری ظہور الہی اسٹیڈیم میں ورلڈ کپ کبڈی میچز کے انتظامات کے حوالے سے اجلاس سے خطاب، صدر محمود اختر، سیکرٹری چوہدری محمد سعید کی قیادت میں پریس کلب عہدے داروں کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا، اے ڈی سی جی توقیر الیا س چیمہ، اسسٹنٹ کمشنر محمد جمیل، ڈی ایس پی سٹی رضا حسنین اعوان، ڈی ایس پی ٹریفک محمد سعید، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر ساجد حسین و دیگر افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے بتایاکہ گجرات کی تاریخ میں پہلی بار کسی بین الاقوا می ٹورنامنٹ کے میچز منعقد ہورہے ہیں، 14 فروری کو ورلڈ کپ کبڈی میچ میں پاکستان اور آذربائیجان، انڈیا اور انگلینڈ کی ٹیمیں مد مقابل ہوں گی، میچز کو بین الاقوامی اہمیت کو دیکھتے ہوئے اسی معیار کے سیکورٹی،ٹریفک پلان وضع کیا گیا ہے نیزا سٹیڈیم میں آنے والے شائقین کیلئے بہترین سہولیات کی فراہمی پر توجہ دی جارہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ورلڈ کپ کبڈی میچز کے دوران مقامی کلچر کو فروغ دینے کیلئے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش تیزی سے جاری ہے اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بروقت اپنا کام مکمل کریں۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایاکہ ورلڈ کپ کبڈی میچر میں آنے والوں کیلئے پارکنگ کے انتظامات کامرس کالج اور زمیندار کالج کے گراؤنڈز میں کئے گئے ہیں جہاں سے شائقین اور مہمانوں کو شٹل سروس کے ذریعے اسٹیڈیم لایاجائے گا، مہمانان خصوصی اور کھلاڑیوں کیلئے اسٹیڈیم میں داخلہ کیلئے مرکزی گیٹ استعمال کیاجائے گا، میڈیاکے نمائندوں، طلباوطالبات اور شائقین کیلئے الگ الگ راستے استعمال ہوں گے۔

ڈی پی او سید توصیف حیدر نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ پولیس ورلڈ کپ کبڈی میچ میں آنے والی انٹرنیشل ٹیموں، معزز مہمانوں اور شائقین کو سیکورٹی کی فراہمی کیلئے تما م وسائل بروئے کارلارہی ہے،ٹریفک کنٹرول کیلئے جامع منصوبہ جلد مشتہر کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق سکیورٹی انتظامات کے لئے پولیس کے افسران اور جوان پوری طرح الرٹ ہیں، اس سے قبل مختلف محکموں کے افسران نے ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دی جبکہ انہوں نے اسٹیڈیم کے مختلف حصوں کا معائنہ بھی کیا۔

لالہ موسیٰ میں شائع ہونے والی مزید خبریں