سرکاری اسپتالوں میں تمام طبی مشینوں کو فوری طور پر کارآمد بنایا جائے اورمریضوں کو تمام ممکنہ سہولیات بہم پہنچائی جائیں، فریال تالپور

ہفتہ 13 اکتوبر 2018 20:43

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی شعبہ خواتین کی صدر اور رکن سندھ اسمبلی فریال تالپور نے سرکاری اسپتالوں میں سی ٹی اسکین، ایم آر آئی اور وینٹی لیٹرز کی خرابی اورانتہائی نگہداشت کے وارڈوں میں ناکافی سہولیات کا نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ تمام طبی مشینوں کو فوری طور پر کارآمد بنایا جائے اورمریضوں کو تمام ممکنہ سہولیات بہم پہنچائی جائیں۔

فریال تالپور نے یہ ہدایت چانڈکا میڈیکل اسپتال کے ایم ایس اور ڈپٹی کمشنر کو نوڈیرو ہائوس میں دیں۔میڈیا نے سرکاری اسپتالوں میں وینٹیلیٹرز، سی ٹی اسکین، ایم آر آئی مشینوں کی خرابی اور انتہائی نگہداشت کے وارڈز میں ناکافی سہولیات کی خبر نشر کی تھی۔ فریال تالپور نے اس کا نوٹس لیتے ہوئے ایم ایس اور متعلقہ ڈپٹی کمشنر کو نوڈیرو ہائوس میں طلب کیا تھا۔

(جاری ہے)

چانڈ کا میڈیکل اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ علی گوہر ڈاہری نے خراب مشینری اور عملے کی کمی کی تحریری رپورٹ فریال تالپور کو پیش کی۔ایم ایس علی گوہر ڈاہری نے فریال تالپور کو صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ چانڈ کا میڈیکل اسپتال کی خراب مشینری اور دیگر مسائل کو حل کرنے کے لیے پانچ کروڑ روپے کے فنڈز درکار ہیں۔بعدازاں میڈیا سے گفتگو میںعلی گوہر ڈاہری نے بتایا کہ فریال تالپور نے مسائل کے فوری حل کی یقین دہانی کرائی ہے۔

لاڑکانہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں