لسبیلہ یونیورسٹی طلبہ و طالبات کو پڑھائی کے ساتھ ساتھ ٹیکنیکل ٹریننگ و دیگر ایسے پروگرام سے مستفید کرانے کیلئے کوشاں ہے ،پروفسیر ڈاکٹر دوست محمد بلوچ

بدھ 11 مئی 2022 21:56

اوتھل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2022ء) لسبیلہ یونیورسٹی آف ایگریکلچر واٹر اینڈ میرین سائنسز اوتھل میں نیشنل فری لانس ٹریننگ پروگرام کے تحت زیر تربیت طلبہ و طالبات کے ٹریننگ کی تکمیل پر تقسیم اسناد کے حوالے سے پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر دوست محمد بلوچ ،فری لانس ٹریننگ پروگرام بلوچستان اور گلگت بلتستان ریجن کے ہیڈ محمد مامون حامد ، سندھ ریجن کے ہیڈ ریشم جمشید، سمیت دیگر نے خطاب کیا۔

اس موقع پر پرو وائس چانسلر ڈاکٹر جلال ،فیکلٹی آف منیجمنٹ اینڈ سوشل سائنسز کے ڈین ڈاکٹر حسین بخش مگسی ، کوالٹی انہانسمنٹ سیل کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عمران رشید،این ایف ٹی پی کے فوکل پرسن ڈاکٹر سجاد حسین لانگو اور پبلک ریلیشنز آفیسر عبدالوحید گچکی سمیت ٹریننگ حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات موجود تھے۔

(جاری ہے)

پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر دوست محمد بلوچ نے کہا کہ لسبیلہ یونیورسٹی طلبہ و طالبات کو پڑھائی کے ساتھ ساتھ ٹیکنیکل ٹریننگ و دیگر ایسے پروگرام سے مستفید کرانے کے لیے کوشاں ہے جس کے ثمرات براہ راست طلبہ و طالبات کو ملیں ۔

انہوں نے کہا کہ لسبیلہ یونیورسٹی میں این ایف ٹی پی شروع کرنے کا مقصد طلبہ و طالبات کو ٹیکنالوجی کے اس دور میں جدید طرز بزنس میں آن لائن کاروبار شروع کرنا اور ان کو اس میں مقام دلانا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا آج کے اس جدید دور میں گھر میں بیٹھ کر آن لائن کام کرنے کے لئے آسانیاں پیدا ہوگئی ہیں ان سے فائدہ اٹھانا ترجیحات میں ہونی چاہیے۔

پروگرام میں مختلف انسٹرکٹرز نے فری لانس ٹریننگ کے حوالے سے شرکائ میں اپنے کام , ٹریننگ اور ارننگ کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کے تحت پڑھائی کے ساتھ ساتھ اپنا آن لائن کاروبار کیا جا سکتا ہے جو کہ طلبہ و طالبات کے لیے ایک آمدن کا ذریعہ بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس پروگرام سے مستفید ہوکر ہم نے آن لائن کام کا آغاز کر دیا ہے جو کہ انتہائی مثبت قدم اور ہمیں دہلیز پر فراہم کر دی گئی ہے ۔

پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے این ایف ٹی پی بلوچستان اور گلگت بلتستان کے ہیڈ محمد مامون حامد نے کہا کہ وزارت انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی کے زیراہتمام پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے معاونت سے فری لانس ٹریننگ پروگرام کو بہتر انداز میں آپریٹ کیا جا رہا ہے جس میں ملک بھر کے مختلف تعلیمی اداروں سے تعلق رکھنے والے طلبہ و طالبات مستفید ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے اس دور میں بذریعہ آن لائن کام کرکے آسانی سے آمدنی پیدا کی جا سکتی ہے۔ پروگرام کے اختتام پر ٹریننگ حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں سرٹیفکیٹس تقسیم کئے گئے جبکہ سٹیج سیکرٹری کے فرائض سیف اللہ رودینی نے سر انجام دیے۔

لسبیلہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں