محکمہ خوراک، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس آٹے کی مصنوعی قلت و گراں فروشی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کریں،ڈی سی لیہ

اتوار 19 جنوری 2020 17:30

لیہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2020ء) ڈپٹی کمشنر اظفر ضیاء نے کہا ہے کہ ضلع بھر میں قائم 29 فیئرپرائس شاپس پر آٹے کی فراہمی کویقینی بنانے، مصنوعی قلت و گراں فروشی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے لئے محکمہ خوراک اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس ضروری اقدامات اُٹھائیں۔فلور ملز ایسوسی ایشن کے تعاون سے مقررہ نرخوں پر آٹے کی دستیابی یقینی بنایاجائے۔

یہ بات انہوں نے فلور ملز ایسویسی ایشن کے نمائندہ وفد کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں اے ڈی سی جی محمداشفاق سیال،ڈی ایف سی پرویز قریشی بھی موجود تھے۔اجلاس میں ڈی ایف سی نے رسد و طلب کے مطابق مارکیٹ میں آٹے کی فراہمی ،فلورملز کو گندم فراہم کرنے اور حکومتی نرخوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ صارفین کو کسی قسم کی قلت کا سامنا نہ کرنا پڑے اور نہ ہی اوور چارجنگ کی شکایت ملے ۔انہوں نے کہا کہ گراں فروشی کے مرتکب دوکانداروں کے خلاف قواعد و ضوابط کے تحت کارروائی کی جائے ۔اس موقع پر فلور ملز ایسوسی ایشن کے اراکین نے ڈپٹی کمشنر کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

متعلقہ عنوان :

لیہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں