ویلج کونسل سخاکوٹ بازار نے ٹیکس فری بجٹ کی منظوری دیدی

منگل 12 جنوری 2016 12:49

مالاکنڈ۔12 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔12 جنوری۔2016ء) ویلج کونسل سخاکوٹ بازار نے سالانہ ٹیکس فری بجٹ کی منظوری دیدی ۔اجلاس کا انعقاد ناظم ساجد حسین مشوانی کی صدارت میں گزشتہ روز ہوا ‘جس میں نائب ناظم سردار خان ، کونسل ممبران انور خان لالا ، عقیل الرحمان ،وحید الله ، عارف خان ، سمیع الرحمان ، یوتھ کونسلر وسیم عمر،سیکرٹری غنی اکبر اور خواتین ممبران نے شرکت کی ‘ ساجد حسین مشوانی نے پچیس لاکھ روپے کا سالانہ بجٹ پیش کیا جس میں ترقیاتی کاموں کے لئے بیس لاکھ اور غیر ترقیاتی کاموں کے لئے مبلغ پانچ لاکھ روپے مختص کئے گئے ‘ کونسل نے بحث مباحثے کے بعد بجٹ کی منظوری دی ۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ساجد حسین مشوانی اور سردار خان نے کہا کہ سیاسی وابستگیوں کو بالائے طاق رکھ کر علاقے کے عوام کے مسائل کے حل کے لئے جدو جہد کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے سب ممبران پر اعتماد کیا ہے اس لئے تمام ممبران کو فنڈز انتہائی منصفانہ طریقے سے دینگے تاکہ وہ اپنے اپنے علاقوں کی احسن طریقے سے خدمت کرسکیں ۔ اس موقع پرممبران نے مختلف ترقیاتی منصوبے بھی پیش کئے جس پر ممبران نے اتفاق رائے سے کام کرنے کا فیصلہ کیا ۔

متعلقہ عنوان :

مالاکنڈ میں شائع ہونے والی مزید خبریں