ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ میں فال سمسٹر 2018ء کے داخلوں کیلئے انٹری ٹیسٹ کا انعقاد

کوشش ہے کہ یونیورسٹی میں داخلہ کے خواہشمند امیدواروں کو تعلیم و تحقیق کے بہترین مواقع میسر کریں‘ وائس چانسلر

جمعہ 17 اگست 2018 00:40

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2018ء) ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ میں فال سمسٹر 2018ء کے داخلوں کیلئے انٹری ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا۔ یہ ٹیسٹ یونیورسٹی کے 36 سے زائد تعلیمی اور تحقیقی شعبوں میں داخلوں کیلئے منعقد ہوا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ادریس نے ٹیسٹ کے مختلف سنٹرز کا معائنہ کیا۔ وائس چانسلر نے تمام تحقیقی و تعلیمی شعبوں کا معائنہ کیا اور ٹیسٹ دینے والے طلباء و طالبات اور سکالرز سے یونیورسٹی کی تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں کے متعلق بات چیت کی۔

انہوں نے کہا کہ ہزارہ یونیورسٹی ملک کا بڑا تعلیمی ادارہ ہے اور یونیورسٹی کا تعلیمی و تحقیقی قدرتی ماحول طلباء و طالبات اور سکالرز کیلئے نہایت موزوں اور سازگار ہے، والدین ہماری تعلیمی اور تحقیقی اقدامات جو طلباء و طالبات کی بہتری اور وسعت کے حوالہ سے ہیں، کو سراہا رہے ہیں جو ایک نہایت حوصلہ افزاء بات ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں آج ٹیسٹ دینے کیلئے آنے والے طلباء و طالبات اور سکالرز کی تعداد حوصلہ افزاء ہے اور ہماری بھرپور کوشش ہے کہ ہم یونیورسٹی میں داخلہ کے خواہشمند امیدواروں کو تعلیم و تحقیق کے بہترین و معیاری مواقع میسر کریں۔

انہوں نے پرووسٹ اور متعلقہ تعلیمی شعبوں کے سربران کو ہدایت کی کہ جن شعبوں میں امیدواروں کی تعداد سینکڑوں میں ہے، ان شعبوں میں سیکنڈ شفٹ کا اجراء کیا جائے تاکہ قوم کے نونہالوں کو اعلیٰ تعلیم و تحقیق کے زیادہ مواقع میسر ہوں۔ وائس چانسلر نے ایڈمنسٹریشن، پرووسٹ اور ٹرانسپورٹ کی طرف سے ٹیسٹ دینے کیلئے آنے والے طلباء و طالبات، سکالرز اور ان کے والدین و عزیزو اقارب کو بہترین سہولیات کی فراہمی پر ان شعبوں کے ملازمین کی کارکردگی کو سراہا۔

یونیورسٹی کے مختلف تعلیمی شعبوں میں فال سمسٹر 2018ء میں داخلوں کیلئے 6500 سے زائد طلباء و طالبات اور سکالرز نے شرکت کی جن کا تعلق ملک کے مختلف صوبوں اور اضلاع سے تھا، ان میں کثیر تعداد میں طلباء و طالبات سے تھا جن کا تعلق آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، فاٹا اور چترال سے ہے۔ ٹیسٹ اور انٹرویو میں کامیابی حاصل کرنے والے امیدواروں کو مختلف تعلیم و تحقیق کے شعبوں میں میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر داخلے دیئے جائیں گے۔ باقاعدہ طور پر فال سمسٹر 2018ء کی کلاسوں کا اجراء بھی 3 ستمبر 2018ء سے ہو گا۔ یونیورسٹی کے بٹگرام سب کیمپس کیلئے بھی انٹری ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف تعلیمی شعبوں میں داخلوں کیلئے طلباء و طالبات نے شرکت کی۔

مانسہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں