رکن صوبائی اسمبلی شاہ جہان یوسف کی مشیر سیاحت زاہد چن زیب سے ملاقات

جمعرات 28 مارچ 2024 15:53

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2024ء) وزیراعلی خیبرپختونخوا کے مشیر برائے سیاحت و ثقافت زاہد چن زیب سے رکن صوبائی اسمبلی و سابق وزیر مملکت سردار شاہ جہاں یوسف نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ملاقات کے دوران انہوں نے مانسہرہ کے بعض عوامی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ زاہد چن زیب نے کہا کہ انہیں مانسہرہ کے لوگوں کو درپیش گوناگوں مسائل و مشکلات کا بخوبی علم ہے اور اب ان کے ازالہ کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ میں اس ضلع کی پسماندگی دور کرنے اور تعمیر و ترقی کا عمل تیز کرنے کیلئے خاطر خواہ فنڈز مختص کئے جا رہے ہیں جبکہ مانسہرہ کے سیاحتی مقامات کو جدید خطوط پر ترقی دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ مشیر سیاحت کا کہنا تھا کہ مانسہرہ میں بٹہ کنڈی اور دیگر سیاحتی مقامات میں مواصلاتی ذرائع بہتر بنانے کے علاؤہ نئی چئیر لفٹ کی تنصیب کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ رواں سیزن میں سیاحوں کو خوشگوار تبدیلیاں دیکھنے کو ملیں اور وہ زیادہ تعداد میں یہاں کی سیر کریں۔

(جاری ہے)

سیاحتی مقامات پر پانی اور جدید واش رومز کا بھی ہنگامی بنیادوں پر بندوبست کیا جا رہا ہے۔ شاہ جہاں یوسف نے مشیر سیاحت کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں مانسہرہ کی ترقی کیلئے مشترکہ جدوجہد کرنے اور ترقیاتی عمل میں صوبائی حکومت سے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

مانسہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں