مردان وومن یونیورسٹی کے فنڈز کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے، سینئر وزیر عاطف خان

جمعہ 20 ستمبر 2019 23:23

مردان۔20ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2019ء) خیبر پختوخوا کے سینئر وزیر محمد عاطف خان نے کہاہے کہ مردان ویمن یونیورسٹی کے فنڈز کے حوالے سے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کر یں گے تاکہ بروقت یونیورسٹی کا قیام عمل میں لایا جائے۔مردان میں صوبے کی واحدآئی ٹی یونیورسٹی کے قیام کے لئے بھی کوششیں جاری ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وومن یونیورسٹی مردان کے تعمیراتی کام کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں صوبائی اسمبلی کے اراکین افتخار علی مشوانی،امیر فرزند خان،وومن یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر غزالہ یاسمین نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر وومن یونیورسٹی کے ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ افسر علی نے سینئر وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یونیورسٹی554کنال اراضی پر تعمیر کی جائے گی۔

(جاری ہے)

یونیورسٹی کی تعمیر کے سات پیکجز بنائے گئے ہیں تاکہ یونیورسٹی کی عمارت جلد از جلد تعمیر کی جاسکے۔

انہوں نے بتایا کہ فنانس ڈیپارٹمنٹ نے یونیورسٹی کی تین پیکجز کے لئے فنڈز ریلیز کئے جن میں سنٹرل لائبریری،باؤنڈری وال،واٹر سپلائی سکیم،نکاسی آب،کار پارکنگ اور یونیورسٹی کے اندرونی سڑکیں شامل ہیں.۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئر وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت خواتین کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کے لئے سنجیدہ اقدامات اٹھارہی ہیں۔

مردان وومن یونیورسٹی کے تعمیراتی کام میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائیگی تاکہ جلد یونیورسٹی کا قیام عمل میں لایا جاسکے۔انہوں نے کہاکہ مردان میں ملک کا پہلا گرلز کیڈٹ کالج تعمیر کیا جا رہا ہے اور کیڈٹ کالج میں کینڈا،امریکہ اور دیگر ممالک کی طالبات نے داخلے لئے ہیں۔مردان میں وومن یونیورسٹی، یونیورسٹی آف انجنیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی،گرلز کیڈٹ کالج،فاطمہ الزھرا ماڈل سکول اینڈ کالج اپنی مثال آپ کے منصوبے ہیں جن سے خواتین کو آگے بڑھنے کے بھرپور مواقع فراہم ہوں گے۔

مردان میں شائع ہونے والی مزید خبریں