معذورافراد خصوصی توجہ کے مستحق ہیں،ظاہرشاہ ایم پی اے

منگل 4 دسمبر 2018 00:20

مردان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 دسمبر2018ء) رکن صوبائی اسمبلی ظاہر شاہ طورو نے کہا ہے کہ سماعت و بصارت سے محروم اورذہنی اور جسمانی طور پر معذور بچے حکومتی سرپرستی کے مستحق ہیں ،علاوہ ازیں ان کی سرپرستی حکومت کے علاوہ صاحب ثروت لوگوں کی بھی ذمہ داری بنتی ہے ، تاکہ یہ بچے معاشرے کے کارآمد شہری بن سکیں۔ ان خیالات کا اظہارا نہوںنے خصوصی افراد کے عالمی دن کے موقع پر نیشنل ایجوکیشن کمپلیکس شیخ ملتون مردان میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں خاتون ایم این اے شاہین ،ایم پی اے ساجدہ حنیف ، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماء بختیار خان ایڈوکیٹ،تحصیل کو نسلر اجمل خان اور بچوں کے والدین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ظاہر شاہ طورو نے اس دن کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی افراد کا عالمی 1992سے لیکر آج تک ہرسال منایا جاتا ہے ۔

(جاری ہے)

ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی رپورٹ کے مطابق دنیا میں خصوصی بچوں کی تعداد 10فیصد ہے، نیشنل ایجوکیشن کمپلیکس مردان میں 240کو خصوصی تعلیم دی جاتی ہے جوکہ ہمارے لئے باعث فخر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سماعت اور بصارت سے محروم معذور بچوں کی سرپرستی ہم سب کی ذمہ داریوں میں شامل ہیں ، تاکہ ان بچوں کی احساس محرومی کو ختم کیا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ خصوصی بچے خصوصی توجہ کے مستحق ہیں اور ہم اپنے رویوں میں تبدیلی لاکر انکی صلاحیتوں میں مزید نکھار لاسکتے ہیں ۔ کمشنر مردان ڈویژن نے ڈپٹی کمشنر مردان اور سی اینڈڈبلیو کے حکام کو ہدایت کی کہ مردان میں بصارت و سماعت سے محروم بچوں کیلئے کالج بنانے کیلئے پی سی ون تیار کیا جائے۔

تاکہ ضلع مردان میں ان کے لئے کالج کا قیام عمل میں لایا جاسکے ۔ انہوں نے اس ادارے کے بجٹ میں اضافے اور 25لاکھ روپے بیوٹیفکیشن فنڈ ریلیز کرنے کے حوالے سے احکامات جاری کئے۔ اس موقع پر ایم پی اے ظاہر شاہ طورو نے کہا کہ صوبائی حکومت سماعت و بصارت سے محروم اور ذہنی اور جسمانی طور پر معذور بچوں کے لئے عملی اقداما ت کررہی ہے ، تاکہ یہ معذور بچے معاشرے پر بوجھ نہ ہوں اور اپنے پیروں پر کھڑے ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سے بات کی ہے کہ پشاور یا مردان میں سماعت و بصارت سے محروم بچوں کیلئے ڈگری کالج کا قیام عمل میں لایا جائے اور اس ضمن میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوانے یقین دلایا ہے کہ جلد ہی ان اداروں کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔

مردان میں شائع ہونے والی مزید خبریں