پاکستان اورچین کی دالبندین میں دہشت گرد حملے میں چینی انجینئرز اور ایف سی اہلکاروں کونشانہ بنانے کے واقعہ کی شدید مذمت

ہفتہ 11 اگست 2018 23:04

پاکستان اورچین کی دالبندین میں دہشت گرد حملے میں چینی انجینئرز اور ایف سی اہلکاروں کونشانہ بنانے کے واقعہ کی شدید مذمت
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2018ء) پاکستان اورچین نے ہفتہ کو بلوچستان کے علاقے دالبندین میں دہشت گرد حملے میں چینی انجینئرز اور ان کے ہمراہ ایف سی اہلکاروں کونشانہ بنانے کے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے اپنے آفیشل ٹویٹر اکائونٹ سے جاری پیغام میں کہا کہ تمام لوگوں کی حالت خطرے سے باہر ہے اور انہیں علاج و معالجہ دیا جارہا ہے۔

انہوں نے ٹویٹ پیغام میں مزید کہا کہ ایسی بزدلانہ دہشت گرد کارروائیوں کا سامنا کرنے کیلئے پاکستان پرعزم رہے گا۔ دریں اثناء چین کی حکومت کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چین نے ہمیشہ پاکستان میں کام کرنے والی چینی کمپنیوں اور شہریوں کی سیکیورٹی کو انتہائی اہمیت دی ہے، چینی وزارت امور خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں چینی سفارتخانے اور قونصل خانہ نے بلوچستان میں ہونے والے اس حملے کی شدید مذمت کی ہے اور دونوں ممالک کے زخمی ہونے والوں کے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان میں چینی سفارتخانہ اور قونصل خانہ نے حملے کے فوری بعد ہنگامی طریقہ کار کو اختیار کیا اور پاکستانی حکام سے رابطہ میں رہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ چین نے متعلقہ پاکستانی حکام سے واقعہ کی تقحیقات کا مطالبہ کیا ہے اور ملوث افراد کے خلاف قانونی چارہ جوئی اور چینی اداروں اور شہریوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے موثر اقدامات کو یقینی بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے۔

میانوالی میں شائع ہونے والی مزید خبریں