وزیراعظم آزاد کشمیر کی ورکنگ باؤنڈری پر بلا اشتعال بھارتی گولہ باری کی شدید مذمت

اقوام عالم بھارت کو جارحانہ اقدامات سے باز رکھے ،شہری آبادی کو بھارتی گولہ باری سے محفوظ بنانے کے اقدامات کرے،یو این رکنگ باؤنڈری پر اپنے مانیٹرنگ سسٹم کو موثر بنائے،بیان

جمعہ 17 جولائی 2015 12:36

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17 جولائی۔2015ء) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجید نے ورکنگ باؤنڈری پر بلا اشتعال بھارتی گولہ باری کی شدید مذمت کرتے ہوئے اقوام عالم سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کو جارحانہ اقدامات سے باز رکھے اور شہری آبادی کو بھارتی گولہ باری سے محفوظ بنانے کے اقدامات کرے ۔ وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے بھارتی گولہ باری سے شہید ہونے والوں کے ورثاء سے گہری ہمدردی کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ ورکنگ باؤنڈری پر اپنے مانیٹرنگ سسٹم کو موثر بنائے ۔

وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ بھارت میں ایک انتہا پسند حکومت قائم ہے جو جارحانہ ایجنڈے پر عمل پیرا ہے بھارتی حکمرانوں نے ریاستی جبر کے ذریعے ریاست جموں و کشمیر کے عوام کے حقوق غصب کر رکھے ہیں وہا ں سیز فائر لائن پر آبا د شہر ی آبادی کو بھی جارحیت کا نشانہ بنایا ہوا ہے ۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ بھارت کے جارحانہ اقدامات اور توسیع پسندانہ عزائم نے خطے کے امن کو داؤ پر لگا رکھا ہے ۔

امن پسند دنیا برصغیر میں امن کے قیام کے لیے بھارت کو جارحانہ اقدامات سے باز رکھے اور ریاست جموں و کشمیر کے عوام کو بھارت کے غاصبانہ تسلط سے آزادکروائے ۔وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ بھارت کے قابض و غاصب حکمران جابرانہ ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیریوں کو جابرانہ تسلط میں رکھنے میں ناکام رہیں گے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اہل کشمیر کی منزل ہے ۔ پاکستان کشمیریوں کے ایمان کا حصہ ہے کشمیری عوام پاکستان کے خلاف بھارت کے تمام مذموم عزائم اور گہری سازشوں کو ناکام بنا دیں گے ۔ وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ آزادی کشمیریوں کا مقدربن چکی ہے ۔ بھارتی حکمران کچھ بھی کر لیں وہ کشمیریوں کی آزادی کا راستہ نہیں روک سکتے ۔

میر پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں