ڈینگی کی علامات کے ظاہر ہونے پر قریبی مرکز صحت میں فوری چیک اپ کروانا چاہیے،ڈاکٹر مائدہ کوثر

جمعہ 23 ستمبر 2022 16:23

ڈینگی کی علامات کے ظاہر ہونے پر قریبی مرکز صحت میں فوری چیک اپ کروانا چاہیے،ڈاکٹر مائدہ کوثر
میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2022ء) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محترمہ مائدہ کوثر نے کہا کہ ڈینگی ایک وائرل انفیکشن ہے جو ایک خاص قسم کے وائرس کی وجہ سے ہوتا ہے۔ یہ بیماری ایک مخصوص مادہ مچھر کے کاٹنے سے پھیلتی ہے جو اس کا سبب بننے والے وائرس ڈینگی کومتاثرہ انسان کا خون چوسنے کے دوران لیتی ہے اور دوسرے صحت مند انسانوں میں منتقل کرتی ہے۔

ڈینگی کی ابتدائی علامات میں90فیصد مریضوں میں معمولی نزلہ زکام اور بخار ہوتا ہے۔درمیانے درجے کی علامات آنکھوں کے پیچھے شد ید درد جلد پر خارش اور سرخ دھبوں کانمودار ہونا،ہڈیوں اور جوڑوں میں شد ید درد ہونا شامل ہیں جبکہ انتہائی اہم علامات میں چہرے کا رنگ سرخ ہونا، سانس لینے میں دشواری، مسوڑھوں سے خون آنا اس طرح 1 % مریضوں میں انتہائی خطر ناک علامات ظاہر ہوتی ہیں جن میں مچھر کے کاٹنے کے 2 سے 6 ایام میں ظاہر ہونا شروع ہو جاتی ہیں۔

(جاری ہے)

ان علامات کے ظاہر ہونے پر قریبی مرکز صحت میں فوری چیک اپ کروانا چاہیے۔جہاں ڈینگی کے ٹیسٹ کی سہولت موجود ہو۔ علاج معالجہ کیلئے ہدایات ہیں کہ ڈینگی وائرل بیماری ہے جس کی کوئی ویکسین نہیں ہے۔ 90 فیصد لوگ بغیر کسی علاج کے خود بخودٹھیک ہو جاتے ہیں۔ درمیانے درجے کے بخار کیلئے علامات کے مطابق معمولی ادویات (پیراسیٹامول وغیرہ) کی ضرورت پڑتی ہے۔

صرف پیچیدہ صورت میں 2 فیصد مریضوں کو ہسپتال میں داخلہ اور انتہائی نگہداشت کی ضرورت پڑتی ہے۔مریض علامات ظاہر ہونے پر ڈاکٹرز کی ہدایات کے مطابق ادویات استعمال کریں، مریض کو مچھر دانی میں رکھیں۔ مریض کو خون پتلا کرنے والی ادویات جن میں اسپرین،ڈسپرین اور بروفین کا ہرگز استعمال نہ کرنے دیں۔ مریض کا بخارکم کرنے کیلئے صرف پیراسیٹامول ہی دیں۔

مریض کو زیادہ سے زیادہ جوس (fluids)دیں اور مکمل آرام میں رکھیں۔ڈینگی وائرس سے بچاؤ سے احتیاطی تدابیر میں مچھروں کی افزائش نسل کو کنٹرول کرنا ہماری اہم ذمہ داری ہونی چاہیے۔گھروں کے آس پاس چھتوں،گملوں، نالیوں، کھانے کے برتنوں،ٹائروں کے کباڑ،پرندوں کے برتنوں اور دیگر کھلی جگہوں پر پانی کھڑا نہ ہونے دیں۔پانی جمع کرنے والے برتن مثلاً گھڑے ڈرم ٹینکی وغیرہ ڈھانپ کر رکھیں،واٹر سپلائی لائینز اور سیوریج لائن کا پانی لیک نہ ہونے دیں، پرانے ٹائر اور ڈسپوزایبل میٹریل کو فوری تلف کریں۔

اپنے اردگرد کے ماحول کو خشک اور صاف رکھیں۔ ڈینگی سے نجات کے لئے مچھروں کے کاٹنے سے محفوظ رہنے کیلئے پوری آستین والے کپڑے پہنیں۔مچھر بھگائو لوشن اور کوائل کا استعمال کریں اور حالیہ دنوں مچھردانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں۔ سرکاری دفاتر، گھروں اور عمارتوں کی کھڑکیوں اور دروازوں پر جالیاں لگا کر مچھروں کے داخلے کو روکیں۔انسداد ڈینگی سپرے کروایا جائے۔

متعلقہ عنوان :

میر پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں