آزادکشمیر کی اعلی عدلیہ انصاف کی فراہمی کے لئے قابل فخر کام کر رہی ہے، جسٹس راجہ سعید اکرم خان

آزادکشمیر کی عدلیہ قانون کی حکمرانی کو قائم رکھنے کے لئے کبھی سمجھوتہ نہیں کر سکتی، اکاب اسکول کے بچوں سے ملکر روحانی سکون حاصل ہوتا ہے، پروفیسر الیاس ایوب کی خدمات قابل تحسین و ستائش ہیں،چیف جسٹس آزاد جموں وکشمیرسپریم کورٹ

بدھ 28 فروری 2024 22:22

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 فروری2024ء) چیف جسٹس آزادجموں و کشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے کہا ہے کہ آزادکشمیر کی اعلی عدلیہ انصاف کی فراہمی کے لئے قابل فخر کام کر رہی ہے آزادکشمیر کی عدلیہ قانون کی حکمرانی کو قائم رکھنے کے لئے کبھی سمجھوتہ نہیں کر سکتی، اکاب اسکول کے بچوں سے ملکر روحانی سکون حاصل ہوتا ہے۔پروفیسر الیاس ایوب کی خدمات قابل تحسین و ستائش ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اکاب اسکول برائے نابینا اطفال کی سالانہ پروقار تقریب تقسیم انعامات سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا، تقریب میں سپریم کورٹ آزادجموں کشمیر کے سینئر جج جسٹس خواجہ محمد نسیم،کسٹوڈین متروکہ املاک آزادکشمیر چوہدری خالد یوسف،سابق سینئر وزیر حکومت آزادکشمیر چوہدری طارق فاروق،صدر بار میرپور چوہدری شکیل زمان ایڈووکیٹ، کمشنر میرپور چوہدری شوکت علی،صدر چیمبر آف کامرس سید صابر حسین شاہ، سیون سٹار کے سی ای او چوہدری رضوان انور، چیئر مین ضلع کونسل راجہ نوید اختر گوگا،معروف برطانوی بزنس مین چوہدری راسب حسین،چوہدری محمود ایڈووکیٹ،اور سابق جسٹس شیخ مسعود ایڈووکیٹ سمیت شہر کے نمائندہ افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی، تقریب کی نظامت کے فرائض معروف صحافی شاعر اور کالم نگار چوہدری ساجد یوسف نے انجام دئیے، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس آزادکشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے کہا کہ میرے لئے آج کی شام ایک عظیم اور یادگار شام ہے جسے میں کبھی بھلا نہیں پاؤں گا،اکاب اسکول کے بچوں کے ساتھ وقت گزار کر زہنی اور روحانی سکون حاصل ہوتا ہے انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ جب بھی مجھے کام سے فرصت ملے میں اپنا سارا وقت ان بچوں کے ساتھ گزاروں، انہوں نے اکاب اسکول کے بچوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ میں کوئی کمی نہیں ہے اللہ نے اگر ایک حس سے آپکو محروم رکھا ہے تو اسکے بدلے اللہ نے آپ کو بیشمار اضافی خوبیوں سے نوازا ہے چیف جسٹس نے اسکول کے پرنسپل پروفیسر الیاس ایوب کی نابینا بچوں کی تعلیم و تربیت کے حوالہ سے خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ الیاس ایوب ریاست کے لئے قابل تقلید شخصیت ہیں انکی خدمات کا کوئی نعم البدل نہیں ہے میں آپکے ساتھ ہوں اور آپکو خراج تحسین پیش کرتا ہوں چیف جسٹس آزادکشمیر نے نابینا افراد کی سرکاری نوکریوں کے کوٹہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسکو قانون کی نظر سے دیکھیں گے، چیف جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے کہا کہ اکاب سکول کے بچے نایاب ہیرے ہیں، تقریب سے اسکول کے پرنسپل پروفیسر الیاس ایوب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں خود بھی نابینا ہوں اور اس ناطے مجھے نابینا بچوں کی مشکلات کا بخوبی اندازہ ہے مخیر حضرات کے تعاون سے ان بچوں کو معاشرے کا کارآمد شہری بنانے کے لئے ہمت اور کوشش کر رہا ہوں انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری اداروں میں خصوصی افراد کی نوکریوں کے کوٹہ پر اگر عمل درآمد ہو جائے تو یہ خصوصی افراد بھی معاشرے کے باوقار لوگوں میں شمار ہو سکیں گے پروفیسر الیاس ایوب نے کہا کہ قانون ساز اسمبلی کا ہر رکن اگر سال میں ایک سپیشل فرد کو نوکری دلائے تو ایک سال میں 48 جبکہ پانچ سالوں میں دو سو چالیس اسپیشل افراد برسرروزگار ہو جائیں گے انہوں نے کہا کہ مخیر حضرات کے بھرپور تعاون پر انکا شکر گزار ہوں تقریب میں اسکول کے بچوں کو مختلف اعزازات حاصل کرنے پر چیف جسٹس آزادکشمیر راجہ سعید اکرم خان اور دیگر مہمانان گرامی نے شیلڈز پیش کیں جبکہ پروفیسر الیاس ایوب نے چیف جسٹس آزادکشمیر راجہ سعید اکرم خان کو تقریب میں شرکت کرنے اور بچوں کی حوصلہ افزائی کرنے پر خصوصی شیلڈ سے پیش کی، اکاب اسکول برائے نابینا اطفال کے بچوں نے تقریب میں ملی نغمہ اور کلام اقبال پیش کر کے حاضریں کے دل موہ لئے۔

میر پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں