سرکاری تحقیقاتی ادارے نے ملتان کے پانی کو مضر صحت قرار دے دیا

ملتان کا پانی پنجاب میں سب سے زیادہ آلودہ پایا گیا ، ملتان کے پانی میں آلودگی کی شرح 94 فی صد ہے۔ رپورٹ میں انکشاف

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 23 اکتوبر 2021 14:34

سرکاری تحقیقاتی ادارے نے ملتان کے پانی کو مضر صحت قرار دے دیا
ملتان (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 اکتوبر 2021ء) : سرکاری تحقیقاتی ادارے نے ملتان کے پانی کو مضر صحت قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کونسل آف ریسرچ ان واٹر ریسورسز نے تحقیقات کے بعد واٹر کوالٹی رپورٹ جاری کی۔ اس رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ ملتان کا پانی پنجاب میں سب سے زیادہ آلودہ پایا گیا ہے، تحقیقات میں یہ انکشاف بھی ہوا کہ ملتان کے پانی میں آلودگی کی شرح 94 فی صد ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ ملتان کے پانی میں آرسینک کی مقدار 63 فی صد سے زائد ہے، جب کہ 5 سال میں ملتان کے پانی میں 10 فی صد سے زائد آلودگی میں اضافہ ہوا۔ اس رپورٹ کے مطابق بہاولپور کا پانی 76 فی صد آلودہ ہے، پاکستان کونسل آف ریسرچ ان واٹر ریسورسز نے گوجرانوالہ شہر میں سے پینے کے پانی کے 14 نمونے لیے اور 7 نمونوں میں آلودگی پائی گئی، گوجرانوالہ کے پانی میں آلودگی کی شرح 50 فی صد ہے۔

(جاری ہے)

کونسل نے تجزیے کی بنیاد پر شہر کے کچھ علاقوں کے پانی کو ''لو رِسک'' اور کچھ کو ''میڈیم رسک'' قرار دیا، مجموعی طور پر گذشتہ سالوں کی نسبت گوجرانوالہ کے پینے کے پانی کے معیار میں بہتری آئی۔ واضح رہے کہ گذشتہ ماہ پاکستان کونسل آف ریسرچ ان واٹر ریسورسز نے بوتل بند پانی کے نمونوں کی سہ ماہی رپورٹ جاری کی تھی۔ اس رپورٹ میں بتایا گیا کہ اپریل تا جون 2021ء میں پاکستان بھر سے حاصل کردہ بوتل بند پانی کے 180 برانڈز میں سے 22 برانڈز کے انسانی صحت کے لیے غیر محفوظ ہونے کا انکشاف ہوا تھا۔

16 برانڈز کے نمونے کیمیاوی لحاظ سے جبکہ 6 مائیکرو بایولوجی کے لحاظ سے غیر محفوظ نکلے۔ رپورٹ کے مطابق غیر محفوظ پائے جانے والے نصف برانڈز کراچی میں فروخت ہو رہے ہیں۔ غیرمحفوظ برانڈز میں ٹی ڈی ایس، آرسینک اور پوٹاشیم کی حد سے زائد مقدار پائی گئی جبکہ وبائی بیماریوں کے جراثیم کی موجودگی کا بھی انکشاف ہوا۔ رپورٹ کے مطابق غیرمحفوظ نمونوں میں ہیضہ، اسہال، پیچیش، ہیپا ٹائٹس، ٹائیفائیڈ کے جراثیم پائے گئے۔

غیرمحفوظ قرار پانے والے برانڈز میں ہائی ڈریڈ، بلیو پلس، العمر، سن لے، ایکوا کنگ، اسپرنگ فریش لائف، یو ایف پیور ایج، ڈورو، ڈروپ آئس، پیوریکانا منرل، ڈراپس، بروک، مک وے واٹر، پیور نیچر، بیسٹ نیچرل، البرکہ واٹر، کویو، مصافی اور ایکوا بیسٹ نامی برانڈز شامل ہیں۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں