انسداد خسرہ مہم کے دوران 15 لاکھ سے زائد بچوں کو خسرے کے انجکشن اور پولیو کے قطرے پلائے جاچکے ہیں، ڈاکٹرشعیب

جمعرات 25 نومبر 2021 18:20

ملتان۔25نومبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی - اے پی پی ۔ 25 نومبر2021ء) :چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر شعیب گورمانی نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر صوبے سمیت ضلع ملتان میں انسداد خسرہ مہم کے دوران 15 لاکھ سے زائد بچوں کو خسرے کے انجکشن اور پولیو کے قطرے پلائے جاچکے ہیں اس سلسلے میں محکمہ صحت کی ٹیموں نے ضلع بھر کے دیہی علاقوں اور گھروں میں گھر گھر جاکر ہر بچے کو خسرے سے بچانے کیلئے انجکشن لگائے۔

(جاری ہے)

سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر شعیب گورمانی نے مزید کہا کہ ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں کی ہدایت پر انسداد خسرہ مہم کے دوران کورونا سے بچائو کی ویکسین بھی لگائی جارہی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہریوں کو اس موذی مرض سے بچایا جاسکے۔دریں اثنائ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر علی مہدی کی سربراہی میں فیلڈ ٹیمیں نے شہریوں میں آگاہی پیدا کرنے کیلئے گزشتہ روز مساجد اور عوامی مقامات پر اعلانات کرائے اور گھروں میں جاکر شہریوں کو خسرے کی ویکسین کی افادیت سے آگاہ کیا۔ڈاکٹر علی مہدی نے کہا کہ 27نومبر تک ہر صورت 21لاکھ بچوں کی ویکسی نیشن کا ٹارگٹ پورا کیاجائے گا۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں